جب بھی سوئے حرم دیکھنا حاجیو
میرے حق میں بھی کرنا دعا حاجیو
کس قدر رب کا تم پر یہ احسان ہے
طے سفر جو تمھارا ہوا حاجیو
تم نے کعبے کے جو سات پھیرے کئے
ہوگیا تم پہ فضلِ خدا حاجیو
دیکھ لو جاکے اک بار بابِ حرم
خلد کا ہے یہی راستہ حاجیو
حاضری کی اجازت اسے مل گئی
جس کے دل میں ہے نورِ خدا حاجیو
ایک سا جسم پر سب کے احرام ہے
شاہ ہو کوئی یا وہ گدا حاجیو
اجر اسکا یقیناََ ملے گا تمھیں
مال دو راہِ حق میں لٹا حاجیو
دشت میں جو دلِ حاجرہ میں ہوئی
اس تڑپ کو ذرا سوچنا حاجیو
یہ صفا اور مروا پہ بڑھتے قدم
تم کو اس کی ملے گی جزا حاجیو
آبِ زم زم کے پیتے ہی ایسا لگا
مل گئی ہر مرض سے شفاء حاجیو
با ادب ہوکے چلنا مدینے میں تم
ہے نبی کا وہاں نقشِ پا حاجیو
حج کی دلشاد کو بھی سعادت ملے
اس کے حق میں بھی کرنا دعا حاجیو
ڈاکٹر دلشاد گورکھپوری
ناظمِ مشاعرہ و شاعر
پتہ شفاء دواخانہ کلسے والی مسجد مرزاپور گورکھپور یوپی (انڈیا)273005
موبائل نمبر 9305225918