گلبرگہ:20مارچ:(کے بی این ٹی نیوز): خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی گلبرگہ کے شعبہ اُردو کی جانب سے آج ایک آن لائن توسیعی خطبہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔جس کے لیے ماہر سماجیات و مشہور و معروف صحافی جناب فاضل حسین پرویز ایڈیٹر گواہ و ایم ڈی میڈیا پلس حیدرآباد کو مدعو کیا گیا تھا۔جناب فاضل حسین پرویز نے اپنے خطاب میں کہا کہ سوشل میڈیا کا استعمال اگر ہم مثبت حوالے سے کرتے ہیں تو یہ ہمارے لیے زیادہ فائدہ مند ثابت ہوگا اور اس کا منفی مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں تو یہ منفی ثابت ہو گا۔انھوں نے کہا کہ نفرت پیدا کرنے والوں اور پھیلانے والوں نے سوشل میڈیا کا خوب استعمال کیا ہے اسی طرز پر بھائی چارہ پیدا کرنے والوں کو بھی چاہیے کہ وہ سوشل میڈیا کا استعمال کریں۔انھوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے لیے ابھی کسی قسم کے ریگولیشن نہیں بنائے گئے اور اس وقت اس میں یوں سمجھیں کہ جنگل راج جاری ہے جس کی جہاں اور جیسے مرضی ہو وہ ویڈیو اور آڈیو کے ذریعے معلومات کو آگے بڑھانے کی کوشش میں لگا ہوا ہے۔
اس موقع پر شعبہ اُردو خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی کے میقات دوم و چہارم کی طالبات نے ڈاکٹر فاضل حسین پرویز سے سوشل میڈیا کے حوالے سے کافی دلچسپ اور گہرے سوالات کیے جس کا انھوں نے کافی مسکت جواب دیا اور اس کی توضیح و تشریح بھی کی۔یوں یہ اجلاس طالبات کے لیے اور دیگر شرکا کے لیے کافی معلوماتی رہا۔اس آن لائن توسیعی خطبے میں ڈاکٹر ریاض توحیدی کشمیر،شاہد حبیب فلاحی لکھنو نے بھی ڈاکٹر فاضل حسین پرویز صاحب سے سوالات کیے اور اس طرح ان کے جوابات سے حاضرین و ناظرین کو کافی معلومات حاصل ہوئیں۔آن لائن توسیعی خطبے کی نگرانی پروفیسر نشاط عارف حسینی،ڈین فیکلٹی آف آرٹس،لینگویجز،سائنس،سوشل سائنسز،ایجوکیشن اور ہیومینٹیز نے فرمائی۔صدر آن لائن توسیعی خطبہ پروفیسر عبدالحمید اکبر نے برجستہ سارے سوالات اور ان کے جوابات کا تجزیہ پیش کیا۔آن لائن اجلاس میں کم از کم چار درجن احباب نے شرکت کی اور استفادہ کیا۔ اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی گلبرگہ ڈاکٹر سلمان عبدالصمداور ڈاکٹر اطہر معز نے ماڈریٹر کے فرائض مشترکہ طو رپر انجام دیے اور اس طرح یہ اجلاس کامیاب رہا۔اہم شرکا میں میقات دوم کی طالبات حمیرا بیگم،رئیسہ فاطمہ، لبنیٰ ثمرین۔ میقات چہارم کی شکیلہ بانو اور حمیرا بیگم کے علاوہ ا ڈاکٹر میمونہ سرڈگی،شہباز ارشد، ڈاکٹر اطیع اللہ اسسٹنٹ پروفیسر س شعبہ اُردو خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی،ڈاکٹر عبدالحئی دربھنگہ،نذیر حسین آسام،ڈاکٹر عبدالقدوس حیدرآباد ڈاکٹر گلاب ربانی،،توحید حقانی دلی،زبیر احمد،اختر احمد،سلیم،مظہر حسین،عبدالرحمن پاشا ہ،نسرین فاطمہ ریسرچ اسکالر قابل ذکر ہیں۔