سرکار اور اپوزیشن کے درمیان رسہ کشی جاری

0

نئی دہلی (یو این آئی) :راجیہ سبھا میں ایم ایس پی اور زراعت سے متعلق دیگر مسائل اور ارکان پارلیمنٹ کی معطلی پر اپوزیشن کا ہنگامہ بدھ کو بھی جاری رہا اور ایوان کی کارروائی 3 دن کیلئے ملتوی کر دی گئی۔ اس دوران وقفہ صفر اور وقفہ سوالات میں خلل پڑا اور بلوں پر بحث نہ ہو سکی۔تیسرے التوا کے بعد جیسے ہی پریذائیڈنگ آفیسر بھونیشور کلیتا نے ایوان کی کارروائی شروع کرنے کی کوشش کی، جل شکتی کے وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت بولنے کیلئے کھڑے ہوئے اور کہا کہ ایوان کو ملتوی کرنے سے پہلے ان کی بات سنی جائے ۔ اس پر ایوان میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے بھی بولنے کیلئے کھڑے ہوگئے۔ ان کی حمایت میں کانگریس اور اپوزیشن پارٹیوں کے دیگر ارکان بھی اپنی جگہ کھڑے ہوگئے، جس کی وجہ سے ایوان میں افراتفری مچ گئی۔مسٹر کلیتانے کہا کہ کسی بھی معاملے کی سماعت تبھی ہو سکتی ہے، جب ایوان میں حکم ہو۔ اس لیے سب کو امن قائم رکھنا چاہیے۔ لیکن اپوزیشن پارٹیوں نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی اور کانگریس کے رجنی پاٹل، شکتی سنگھ گوہل اور تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے ارکان اسپیکر کے پوڈیم کے سامنے آگئے اور نعرے بازی شروع کردی۔ اس کے پیش نظر کلیتا نے ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کر دی۔قبل ازیں لنچ کے وقفے کے بعد ایوان کی کارروائی شروع کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے ڈیم سیفٹی بل 2021 پیش کرنے کیلئے جل شکتی کے وزیر گجیندر سنگھ کا نام پکارا تو اپوزیشن کے لیڈر ملک ارجن کھڑگے بولنے کیلئے کھڑے ہوئے ۔
اس پر ہری ونش نے کہا کہ بل پیش کرنے کے بعد آپ اپنی بات رکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آپ کو صرف بل پر بولنے کی اجازت ہے۔ اس کے بعد ہری ونش نے شیکھاوت سے کہا کہ وہ اپنی بات کہیں ۔ اس دوران م کھڑگے نے 12معطل ارکان اسمبلی کا مسئلہ اٹھانے کی کوشش کی جس کی انہیں اجازت نہیں دی گئی۔اس کے بعد تلنگانہ راشٹرا سمیتی اور کانگریس کے ارکان نے اسپیکر کے پوڈیم کے سامنے نعرے بازی شروع کردی۔ ٹی آر ایس کے ارکان نے اپنے ہاتھوں میں تختیاں اٹھائی ہوئی تھیں ،ایم ایس پی قانون بنائیں۔ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ ایوان میں تختیاں لہرانے کی اجازت نہیں ہے ۔ اس دوران جب ایک رکن نے ویڈیو ریکارڈ کرنا شروع کی تو ڈپٹی چیئرمین نے انہیں ایسا کرنے سے منع کردیا۔ ہری ونش نے شور مچانے والے ارکان سے پرسکون ہونے اور اپنی سیٹوں پر واپس جانے کی اپیل کی، لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ اس کے بعد انہوں نے ایوان کی کارروائی تین بجے تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔قبل ازیں انہیں مسائل پر ایوان کی کارروائی دو مرتبہ ملتوی کی گئی، جس کی وجہ سے آج وقفہ صفر اور وقفہ سوالات نہ ہوسکا۔پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کا یہ تیسرا دن ہے جب راجیہ سبھا میں اپوزیشن کا ہنگامہ جاری ہے اور وقفہ صفر اور وقفہ سوالات میں خلل پڑا ہے ۔ ایوان میں آج کوئی بل منظور نہیں ہوا اور نہ ہی کسی معاملے پر بحث ہوئی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS