صدر جمہوریہ نے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل کی ملاقات

0

نئی دہلی، (یو این آئی) مسلم ورلڈ لیگ کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے جو ہندوستان کے دورے پر ہیں، بدھ کو یہاں راشٹرپتی بھون میں صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔
ڈاکٹر العیسیٰ کا اپنے پہلے سرکاری دورے پر خیرمقدم کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ ہندوستان رواداری پر مبنی مذاہب اور اقدار کے درمیان مکالمے کو فروغ دینے میں مسلم ورلڈ لیگ کے کردار کی تعریف کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک ایسا ملک ہے جو کثیر ثقافت، کثیر زبان، ذاتوں اور مذاہب کے تنوع کے اتحاد کا جشن منا رہا ہے۔ ہندوستان میں 200 ملین مسلمان بھائی بہن رہتے ہیں اور ہمارا ملک دنیا میں دوسری سب سے بڑی مسلم آبادی والا ملک ہے۔
محترمہ مرمو نے کہا کہ ہندوستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور عوام سے عوام کے رابطوں پر مبنی خوشگوار تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے۔
صدر نے کہا کہ ہندوستان اور سعودی عرب دونوں ہی دہشت گردی کی ہر طرح کی مذمت کرتے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف ‘زیرو ٹالرنس’ کی پالیسی رکھتے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے ایک جامع نقطہ نظر کی ضرورت ہے اور یہ لبرل خیالات سے ہی ممکن ہے۔ صدر نے انتہا پسندی، دہشت گردی اور تشدد کے خلاف ڈاکٹر العیسیٰ کے موقف کی بھی تعریف کی۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر العیسیٰ کے دورہ ہندوستان سے مسلم ورلڈ لیگ کے ساتھ تعاون کے مواقع کھلیں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS