وزیر اعظم نے سبھاش چندر بوس کے ہولوگرام مجسمہ کی نقاب کشائی کی

0

نئی دہلی (پی ٹی آئی) : وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو مجاہد آزادی نیتا جی سبھاش چندر بوس کے 125ویں یوم پیدائش پر انڈیا گیٹ پر ان کے ہولو گرام مجسمہ کی نقاب کشائی کی۔ گرینائٹ سے تیار شدہ ایک مجسمہ تیار ہونے پر وہ ہولوگرام مجسمہ کی جگہ لے گا۔ وزیر اعظم مودی نے پہلے کہا تھا کہ یہ مجسمہ جدوجہد آزادی میں بوس کی مثالی خدمات کے لیے ایک مناسب خراج عقیدت ہوگا اور یہ ملک کے اُن کے تئیں مقروض ہونے کی علامت ہوگا۔ ہولو گرام مجسمہ کو 30ہزار لومین4 کے پروجیکٹر کے ذریعہ آپریٹ کیا جائے گا۔ یہ مجسمہ 28 فٹ اونچا اور 6 فٹ چوڑا ہے۔سرکار نے کہا ہے کہ ہولو گرام کا اثر پیدا کرنے کے لیے اس پر نیتا جی کی تھری ڈی تصویر لگائی جائے گی۔دریں اثنا وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا اور راجیہ سبھا کے لیڈر پیوش گوئل نے آج پارلیمنٹ ہاؤس کے سنٹرل ہال میں نیتا جی سبھاش چندر بوس کی یوم پیدائش پر ان کی تصویر پر خراج عقیدت پیش کیا۔نیتا جی بوس کو خراج عقیدت پیش کرنے والے دیگر معزز شخصیات میں کئی مرکزی وزراء، اراکین پارلیمنٹ اور سابق اراکین پارلیمنٹ شامل تھے ۔اس موقع پر لوک سبھا سکریٹریٹ کی طرف سے ہندی اور انگریزی میں شائع ہونے والے نیتا جی بوس کی سوانح حیات پر مشتمل ایک کتابچہ معزز افراد کو تحفۃً پیش کیا گیا۔قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کے سابق صدر ڈاکٹر این سنجیوا ریڈی نے 23 جنوری 1978 کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سینٹرل ہال میں نیتا جی سبھاش چندر بوس کی تصویر کی نقاب کشائی کی تھی۔اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے عظیم مجاہد آزادی نیتا سبھاش چندر بوس کی جینتی پر انہیں جذباتی خراج عقیدت پیش کیا۔مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر رہنما کمل ناتھ نے نیتا جی سبھاش چندر بوس کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔کمل ناتھ نے ایک ٹویٹ کے ذریعے کہا کہ جدوجہد آزادی کے عظیم ہیرو نیتا جی سبھاش چندر بوس کی یوم پیدائش پرصدہا خراج عقیدت۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS