مراکش کی ٹیم نے دنیا بھر میں مداحوں کے دل جیت لیے

0
Despite the defeat by France, the Moroccan players bowed
Despite the defeat by France, the Moroccan players bowed

دوحہ (یواین آئی)
فرانس کے ہاتھوں سیمی فائنل میں دو صفر سے شکست کے بعد فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچنے والی پہلی افریقی ٹیم بن جانے کا خواب تو ٹوٹ گیا تاہم مراکش کی ٹیم نے دنیا بھر میں مداحوں کے دل جیت لیے ہیں۔
فرانس کے خلاف اہم سیمی فائنل سے قبل مراکش کے حامی یورپ سمیت مختلف حصوں میں اس امید سے اکھٹے ہوئے تھے کہ ملک پر ماضی میں حکومت کرنے والی سابق نوآبادیاتی طاقت کو فٹ بال کے میدان میں پچھاڑ دیا جائے گا۔تاہم یہ امید تھیو ہرنینڈیز اور ک کولوموآنی کے گول سے ٹوٹ گئی اور دفاعی چمپئن فرانس فائنل میں پہنچ گیا جہاں اس کا سامنا اتوار کے روز ارجنٹینا سے ہو گا۔
یاد رہے کہ فرانس نے چوتھی بار فائنل میں جگہ بنائی ہے ، فرانس 2018 اور 1998 میں ورلڈکپ کا فاتح رہا ہے جبکہ وہ 2006 میں بھی فائنل میں پہنچا تھا تاہم اسے اٹلی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اب اتوار کوفائنل میں اس کا مقابلہ ارجینٹینا سے ہوگا۔
مراکش کے دارالحکومت رباط میں ایک فین نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم ہار گئے لیکن ہمیں بہت فخر ہے ۔‘دوسری جانب فرانس کے دارالحکومت پیرس کے وسطی حصے میں میچ سے قبل پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی جہاں ہزاروں مراکش نژاد شہری رہتے ہیں۔
میچ سے قبل پیرس کی مرکزی شاہراہ پر مراکش اور دیگر شمالی افریقی ممالک کے جھنڈے بھی لہراتے ہوئے شائقین دیکھے جا سکتے تھے ۔
فرانس ہی نہیں بلکہ یورپ کے دیگر اہم شہروں،جن میں برسلز بھی شامل ہے ، میں بھی پولیس دیکھی گئی جہاں مراکش کے حامیوں نے گذشتہ فتوحات کا جشن پٹاخے پھوڑ کر منایا تھا۔
ہیگ میں موسم اور شکست کی وجہ سے میچ کے بعد زیادہ جوش و جذبہ نظر نہیں آیا۔گلیوں میں چند پٹاخے تو چلائے گئے لیکن مراکش نژاد ڈچ شہریوں کا کہنا تھا کہ وہ پرامن رہنا چاہتے ہیں۔
ادھر رباط کے محمد پنجم اسٹیڈیم میں ایک فین نے کہا کہ سیمی فائنل کا نتیجہ ’اوکے‘ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’کھیل میں یہی ہوتا ہے ۔‘اس اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے والوں کی اکثریت کا ماننا تھا کہ ورلڈ کپ میں مراکش کی ٹیم کی کارکردگی ملک کے فٹ بالرز کے روشن مستقبل کا آغاز ہو گا۔تاہم رباط کے سب سے قدیم کیفے میں اس وقت مایوسی عیاں تھی جب مراکش کی ٹیم گول کرنے میں پے در پے ناکامی کا شکار ہوئی۔ایک فین، جومراکش میں پیدا ہوئے لیکن فرانس میں پلے بڑھے ، نے کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ مراکش ورلڈ کپ جیت جائے کیوں کہ ’اب وقت آ چکا ہے کہ کپ افریقہ کے پاس آئے ۔‘

فرانس سے شکست کے باوجود مراکشی کھلاڑیوں کا سجدہ شْکر

قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں فرانس کے ہاتھوں مراکش کو 0-2 گول سے شکست ہوئی۔البیت اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں فرانس نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد مراکش کو شکست دی تاہم مقابلے کے اختتام پر مراکشی ٹیم کے میدان پر سجدہ شْکر ادا کرنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
مراکشی کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف اور کوچ نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سجدہ شکر ادا کیا جبکہ فرانسیسی ٹیم کے پلئیرز بھی انہیں شاباشی دیتے نظر آئے۔
مراکش نے اپنا پہلا میچ کروشیا کے خلاف کھیلا جو بغیر کسی گول کے برابر رہا، دوسرے میچ میں مراکش نے سنسنی پھیلاتے ہوئے بیلجیم کو 0-2 سے شکست دی جبکہ اگلے میچ میں کینیڈا 1-2 سے ہرایا۔سابق عالمی چمپئن اسپین کو 0-3 سے پنالٹی پر شکست دے کر اپ سیٹ کیا اور پھر کواٹر فائنل میں رونالڈو کا ورلڈکپ جیتنے کا خواب چکنا چْور کرتے ہوئے پرتگال کو 0-1 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔
ایونٹ کے سیمی فائنل میں فرانس نے انہیں 0-2 سے شکست دے کر تاریخ رقم کرنے سے روک دیا تاہم میچ میںمراکشی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، مخالف ٹیم کے گول پوسٹ پر متعدد حملے کیے لیکن گول اسکور کرنے میں ناکام رہے۔اب فیفا ورلڈکپ میں مراکش کی ٹیم 17 دسمبر کو تیسری پوزیشن کے میچ کیلئے کروشیا کے مدمقابل آئے گی۔

 

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS