ممتا حکومت شہید جوانوں کے اہل خانہ کو 5 لاکھ  روپے دے گی

0

کولکتہ: مغربی بنگال کی ممتا بنرجی حکومت نے لداخ کی گلوان وادی میں چینی فوجیوں کے ساتھ پرتشدد جھڑپ میں شہید ہوئے جوانوں کے اہل خانہ کو پانچ پانچ لاکھ روپے امداد دینے اور خاندان کے ایک رکن کو سرکاری نوکری دینے کا بدھ کو اعلان کیا۔
مشرقی لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن پر پیر کو چینی فوج کے ساتھ پرتشدد جھڑپیں میں 20 فوجی شہید ہو گئے۔ ان شہید جوانوں میں دو نوجوان مغربی بنگال کے بھی ہیں۔ ان میں ایک سپاہی راجیش اورانگ  ویربھوم ضلع کے محمدبازار تھانے کے بیلگوریا گاؤں کا رہائشی اور دوسرا جوان بپل رائے علی پور دوار کے سمکتالا تھانہ کے بندی پارا گاؤں کا رہائشی تھا۔
مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعلی ممتا بنرجی اور مرکزی وزیر بابل سپریو نے مشرقی لداخ کی گلوان وادی میں چینی تجاوزات کے خلاف سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستانی بہادر جوانوں کی شہادت کو سلام کیا جنہوں نے ملک کی سرحد پر ڈٹے رہ کر اپنی جان نچھاور کر دیئے۔
محترمہ بنرجی نے کہا کہ حکومت شہید جوانوں کے اہل خانہ کو پانچ پانچ لاکھ روپے کی امدادی رقم فراہم کرے گی اور خاندان کے ایک رکن کو سرکاری نوکری دی جائے گی۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ کے تئیں بھی گہری تعزیت کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS