شور شرابہ اور ہنگامہ آرائی کے سبب ایوان زیریں دو بجے تک کیلئے ملتوی

0

نئی دہلی : (یو این آئی) پیگاسس،کسانوں کے مسئلے اور مہنگائی پر ایوان زیریں لوک سبھا میں اپوزیشن کے ارکان کا ہنگامہ آج بھی جاری رہا جس کی وجہ سے وقفہ صفر نہیں ہوسکا اور پریزائیڈنگ افسرراجندر اگروال کو ایوان کی کارروائی دو بجے تک کیلئے ملتوی کرنا پڑی۔
مسٹر اگروال کی طرف سے ایک بار کی التوا کے بعد جیسے ہی 12 بجے ایوان کی کارروائی شروع ہوئی ، ارکان ایوان کے وسط میں آ گئے اور ہنگامہ آرائی اور نعرے بازی شروع کر دی۔ ہنگامہ آرائی کے درمیان مسٹر اگروال نے ضروری کاغذات ایوان کی میز پر رکھے اور ایوان کو چلانے کی کوشش کی ، لیکن ارکان نے احتجاج ، ہنگامہ اور شورشرابہ جاری رکھا ، جس کی وجہ سے انہیں ایوان کو 2 بجے تک کیلئے ملتوی کرنا پڑی۔
اس سے قبل گیارہ بجے ایوان زیریں کے اسپیکر اوم برلا نے ہاکی کھلاڑیوں اور ٹوکیو اولمپکس میں کانسہ کا تمغہ جیتنے والی باکسر لوولینا بورگوہین کو ایوان کی جانب سے ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی مبارکباد دی۔ جیسے ہی مسٹر برلا نے وقفہ سوالات شروع کیا اپوزیشن کے ارکان نے ہنگامہ آرائی شروع کردی۔ اسپیکر نے ان پر زور دیا کہ وہ پرسکون رہیں اور ایوان کے وقارکو برقراررکھیں۔
انہوں نے کہا کہ ایوان ملک کے اہم معاملات پر چل رہا ہے اس لیے اراکین کو اپنی اپنی نشستوں پر جانا چاہیے۔ ارکان سخت محنت کرتے ہیں اور سوالات پوچھتے ہیں ، لیکن اپنے سوالات وہ خود نہیں پوچھتے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ کام کرے لیکن آپ جس طرح کا برتاؤ کر رہے ہیں وہ مناسب نہیں ہے۔ ملک کے کروڑوں روپے خرچ ہو رہے ہیں ، پھر بھی ایوان میں کام نہیں ہورہا ہے۔
جب مسٹر برلا کی بار بار درخواستوں کے باوجود ہنگامہ نہیں تھما تو انہوں نے ایوان کو بارہ بجے تک کیلئے ملتوی کر دیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS