اسپتال ۔ قبرستان

0

حفظ الرحمان آشنا
ہم اسپتال میں بستر پر پڑے ہوئے چھت کو تک رہے تھے کہ اچانک دروازہ کھلا ، ہمارے بچپن کے دوست عذر داری کے لئے اندر داخل ہوئے ۔ہم نے عذر داری کا لفظ اس لئے استعمال کیا ہے کہ ہمیں مارنے میں انہوں نے کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔ آتے ہی کہنے لگے : یار تو نے صحیح کیا ۔ ہرانسان کو اسپتال اور قبرستان کے چکر لگاتے رہنا چاہئے ۔دونوں جگہ جائے عبرت ہیں ۔
میں نے کہا ، تو ہمیں ڈرانے آیا ہے یا مزاج پرسی کے واسطے آیا ہے ۔کہنے لگا کہ موقع ومحل دیکھ کر بات کرنی پڑتی ہے ۔اگر کسی اور جگہ میں تمہیں آخرت کی پکڑسے ڈراؤں تو بات بے اثر رہے گی ۔اب بستر مرگ پر تمہیں آخرت کی فکر زیادہ رہے گی ۔
ہم نے چونک کرکہا : بھائی بستر مرگ سے تمہاری کیا مراد ہے ؟میں تو یہاں اپنا روٹین چیک اپ کرانے آیا ہوں ۔کل ڈسچارج بھی ہوجاؤں گا ۔
مجھے سمجھاتے ہوئے وہ کہنے لگے ، دیکھو یہاں ڈسچارج ہوسکتا ہے کل ہوجائے ۔مگر پھر کسی دن یہاں آنا پڑے گا اوریہاں سے اگلاقدم قبرستان کا ہے ۔
ہم نے گھبرا کر غور سے ان کی طرف دیکھا ،اس نے پھر ہم پر پلٹ وار کیا او ر کہا کہ گھور کے کیا دیکھتا ہے ،دیکھنا ہے تواپنے اعمال دیکھ ،اپنی زندگی کی سیہ کاریوں کو یاد کر ،اس زندگی میں تو نے کیا کیا جگاڑ نہ لگائے یاد کر ۔
ہم نے چیں بچیں ہو کر کہا ،یار کوئی اور بات کرو ۔مجھے کوئی بیماری ویماری نہیں ہے ۔بس میڈیکل کلیم میں روٹین چیک اپ ہے اور کچھ نہیں ۔ یار تو نے بات کا بتنگڑ بنا ڈالا ۔بجائے اس کے کہ بیمارکی تیمارداری کو جار ہا ہوں ،فروٹ لے کر آتا ،سیب کی قاشیں اپنے ہاتھ سے کاٹ کر کھلاتا ، مجھے حوصلہ دیتا ، تو ،تو بس میرا حوصلہ ہی توڑ رہا ہے ۔
اس نے ہمیں سمجھاتے ہوئے کہا ۔ ہر چیز عمر سے اچھی لگتی ہے ۔اب اس عمر میں بھی بلند حوصلہ رکھ کرکیا کرے گا ۔بہتر ہے کہ آخرت کی فکر کر ،لہٰذا پچھلے سال میں نے تجھے جو دو ہزار روپے ادھار دئیے تھے ، فوراً سے پیشتر واپس کر، ورنہ آخرت میں میرا ہاتھ ہوگا اور تیرا گریبان ۔
میں نے کہا کہ تقاضہ کرنے کے لئے یہ جگہ مناسب نہیں ہے ۔مجھے ڈسچارج ہونے دے ، میں دنیا ،زمانہ کا قرضہ روک کر تیرا ادھار چکتا کردوںگا ،ورنہ تو تو مجھے جیتے جی ہی مار ڈالے گا ۔
اتنے میں وارڈ بوائے اندر داخل ہوا ۔دوست سے کہنے لگا ملاقات کاوقت ختم ہوگیا ہے تشریف لے جائیے ۔
وہ اٹھا اور دروازہ سے نکل گیا ۔میں نے پھر چھت پر نظریں گاڑی دیں اور سوچ رہا تھا کہ انداز تھوڑا تلخ ضرور ہے مگر بات بالکل صحیح ہے ۔
انداز بیاں میرا تلخ ہے لیکن
شاید کہ ترے دل میں اتر جائے مری بات

 

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS