حکومت کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے

0
image:scroll.in

سری نگر: (یو این آئی) ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر نے لوگوں کو کورونا گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی کے شہر و دیہات کے ہسپتالوں اور ہیلتھ سینٹروں میں کووڈ سے تعلق سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ہسپتالوں میں آکسیجن پلانٹ بھی نصب کئے جار ہے ہیں۔
موصوف ڈائریکٹر نے ان باتوں کا اظہار اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کیا۔
انہوں نے کہا: ’حکومت ہر جگہ شہر و دیہات کے ہسپتالوں میں کورونا سے نمٹنے کے لئے تیار ہے ہر جگہ آکسیجن پلانٹ نصب کئے گئے ہیں کیونکہ آکسیجن ہی ایک ایسی چیز ہے جو اس میں لائف لائن کی حیثیت رکھتی ہے‘۔ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے حکومت ہر حساب سے تیار ہے لیکن لوگوں کو تمام گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل پیرا ہونا ہے۔
ڈاکٹر مشتاق احمد نے کہا کہ حکومت نے ہسپتالوں کے علاوہ دوسری جگہوں پر بھی بستروں وغیرہ کا بھر پور انتظام رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو کورونا مریض گھروں میں ہی ہیں انہیں بھی علاج و معالجہ کے لئے سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر میں بھی کورونا کی دوسری لہر تیزی سے پھیل رہی ہے جس سے نمٹنے کے لئے انتظامیہ مختلف النوع اقدام کر رہی ہے۔
اس لہر کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے یونین ٹریٹری کے سبھی بیس اضلاع میں مکمل کورونا کرفیو جاری ہے جو 24 مئی کی صبح تک نافذ رہے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS