نئی دہلی (ایجنسیاں): آسام کے وزیر اعلیٰ ہمنت بسوا سرما نے اعلان کیا کہ فروری 2024 میں آسام اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں تعدد ازدواج کو غیر قانونی قرار دینے کا بل پیش کیا جائے گا۔ ان کے مطابق یہ بل کئی لوگوں اور تنظیموں کے ساتھ کئی مہینوں کی مشاورت کے بعد تیار کیا گیا ہے۔ سرما نے جمعہ کود ہلی میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ کثرت ازدواج پر پابندی کا بل آسام اسمبلی اجلاس کے دوران پیش کیا جائے گا جو 4 فروری سے شروع ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے پہلے اعلان کیا تھا کہ اس اقدام میں کچھ دفعات شامل ہوں گی جن کا مقصد ریاست کے اندر سے ’لو جہاد‘کو ختم کرنا ہے۔ حکام نے کہا کہ ایک عوامی نوٹس کے جواب میں جس میں تعدد ازدواج پر پابندی کے مجوزہ قانون پر رائے طلب کی گئی ہے، ریاستی انتظامیہ کو 149 سفارشات موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے 146 سفارشات نے اس اقدام کی حمایت کی جس سے وسیع پیمانے پر عوامی حمایت کا مظاہرہ کیا گیا۔
3 تنظیموں نے کہا ہے کہ وہ بل کیخلاف ہیں۔ ریاستی انتظامیہ نے 21 اگست کو ایک نوٹس شائع کیا جس میں تعدد ازدواج پر پابندی کے بارے میں عوامی معلومات طلب کی گئیں۔ نوٹیفکیشن میں آسام کے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ 30 اگست تک میل یا ای میل کے ذریعہ اپنی رائے بھیجیں۔
مزید پڑھیں: پارلیامنٹ پر حملہ کرنے والے ملزم مہیش کمار کو پولیس تحویل میں بھیجا گیا
اس کے علاوہ ریاستی حکومت نے اس طرح کے قانون کو منظور کرنے کیلئے آسام ریاستی مقننہ کے قانون سازی کے اختیارات کا جائزہ لینے کیلئے ایک ماہر گروپ تشکیل دیاتھا۔