انتظامیہ نے جمعتہ الوداع کے موقع پر جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی :میر واعظ مولوی عمر فاروق

0
انتظامیہ نے جمعتہ الوداع کے موقع پر جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی :میر واعظ مولوی عمر فاروق
انتظامیہ نے جمعتہ الوداع کے موقع پر جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی :میر واعظ مولوی عمر فاروق

سری نگر (یو این آئی): انجمن اوقاف جامع مسجد نے جمعتہ الوداع کے انتہائی اہم مذہبی موقع پر ریاستی انتظامیہ کی جانب سے مرکزی جامع مسجد کو نمازیوں کیلئے بند اور میر واعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمدعمر فاروق کو گھر میں نظر بند کر کے آج کے اس خصوصی دن پر ان کی منصبی اور دینی فرائض پر قدغن عائد کئے جانے پر سخت برہمی اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی انتظامیہ کے اس غیر جمہوری فیصلے کیخلاف میرواعظ نے اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس بلائی تھی تاہم حکام نے میرواعظ کی رہائش گاہ کی طرف جانے والے تمام راستوں کو سیل کرکے پریس کانفرنس کے انعقاد کو ناکام بنا دیا۔
اس دوران میرواعظ نے ریاستی انتظامیہ کے اس فیصلے پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا کے ذریعے ایک پیغام جاری کیا۔

میر واعظ نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج جمعتہ الوداع کے عظیم موقع پر میں آپ کو اور پوری امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اگر میں ذاتی طور جامع مسجد میں آپ تک یہ پیغام پہنچا سکتا تھا تو یہ میرے لئے اور زیادہ خوشی اور مسرت کا موقعہ ہوتا لیکن افسوس کا مقام ہے کہ مسلسل پانچویں سال بھی ریاستی حکام نے نہ صرف ایک بار پھر تاریخی اور مرکزی جامع مسجد سری نگر کے دروازوں پر تالے چڑھا دیئے اور مجھے گھر میں نظر بند کردیا۔

انہوں نے کہاکہ جمعتہ الوداع بحیثیت مسلمان ہمارے لئے بہت اہمیت اور عظمت کا حامل رہاہے کیونکہ یہ خصوصی دعاوں کا دن ہے اور رمضان المبارک کے اختتام تک پہنچتے ہی اللہ سے مغفرت، برکت اور رحمت طلب کرنے کا دن ہے۔

ان کے مطابق آج کے دن جبکہ وادی کے تمام اضلاع اور دوردراز علاقوں سے لاکھوں کی تعداد میں لوگ جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہوتے ہیں اس خاص اور بابرکت والے جمعہ کی اجتماعی نماز میں شرکت کیلئے جامع مسجد آتے ہیں جو سال میں ایک بار ادا کی جاتی ہے لیکن انتہائی افسوس اور بدقسمتی کی بات ہے کہ آج جبکہ پوری دنیا خصوصاً وادی میں تمام مساجد ،خانقاہیں اور امام باڑے ذکر الٰہی سے سرشار ہیں۔

میرواعظ نے کہا:’ ریاستی حکام نے زبردستی جامع مسجد کے دروازوں پر تالے لگا کر ہم سے یہ متبرک موقعہ چھین لیا جو کہ نہ صرف ہم سب کیلئے شدید تکلیف دہ بات ہے اور ہم جموںوکشمیر کے عوام اس سرکاری آمریت اور مذہبی حقوق کی براہ راست خلاف ورزی پر سراپا احتجاج ہیں۔‘
میر واعظ کے مطابق کشمیر کا یہ دینی مرکز بار بار حکام کی جانب سے نافذ لاک ڈاون کا شکار رہا ہے اور بار بار مجھے جمعہ کے دن گھر میں نظر بند کردیا جاتا ہے۔ ہر آنے والا جمعہ میرے لئے بے یقینی اور پریشانی کا پیغام لیکر آتا ہے کیونکہ میں نہیں جانتا کہ مجھے جامع مسجد جانے کی اجازت دی جائیگی یا حکام کے مرضی کے مطابق نظر بند کردیا جاوں گا۔ یہ طرز عمل انتہائی افسوس نا ک ہے۔

میر واعظ نے کہا کہ آج جمعتہ الوداع کے عظیم دن پر ہم اپنے مظلوم فلسطینی بھائی، اور بہنوں کو بھی یاد کررہے ہیں جو بہت ہی تکلیف دہ حالات سے گزر رہے ہیں۔
آئیے آج کے دن ہم انہیں اپنی دعاو ں میں یاد رکھیں کہ اللہ ان کے دکھ اور درد کو کم کرے اور انہیں انصاف فراہم کرے۔

مزید پڑھیں: جموں وکشمیر کی مسلم کمیونٹی خطرے سے دوچار: محبوبہ مفتی

آج ہم جموں وکشمیر کے اپنے ہزاروں نوجوانوں اور سیاسی قیدیوں کو بھی یاد کریں جو برسہا برس سے جیلوں میں بند ہیں اور ان کی صحت اور جلد رہائی کی دعا کریں۔ اللہ ہم سب کی حفاظت فرمائے اور ہم پر رحم فرمائے

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS