مہذب انسانی معاشرے کے لئے دہشت گردی سب سے بڑا خطرہ: نائیڈو

0

نئی دہلی: نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے ہندوستانی پارلیمنٹ پردہشت گردانہ حملے کی برسی کے موقع پر اتوار کے روز کہا کہ دہشت گردی شخصی آزادی، عالمی معاشی ترقی اور جمہوریت جیسے مہذب انسانی معاشرے کے اصولوں کے لئے سب سے سنگین خطرہ ہے۔
نائیڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنے ایک خطاب میں کہا کہ پارلیمنٹ جمہوریت کا مندر ہے اور دہشت گردی جمہوریت کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ اس سے قبل وہ اس موقع پر پارلیمنٹ کے احاطے میں منعقدہ ایک پروگرام میں شریک ہوکر دہشت گردانہ حملےکے شہیدوں کو پھولوں کا نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ"2001 میں پارلیمنٹ پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے سے ہماری جمہوریت کے مندر کو بچانے کے لئے اپنی عظیم قربانی دینے والے ہمارے بہادر جوانوں کو میرا سلام۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ دہشت گردی جمہوریت کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ عالمی برادری کو اس کے خلاف متحد ہونا چاہئے"۔
نائیڈو نے کہا کہ "13 دسمبر کا دن دہشت گردی کے خوفناک خطرے سے  ہمیں خبردار کرتا ہے، ہمارے جمہوری اصول اور معاشی ترقی کے تئيں ہماری توقعات پر  دہشت گردی کے خطرات سے خبردار کرتا ہے"۔ 
انہوں نے کہا کہ بیس سال پہلے آج ہی کے دن، تربیت یافتہ دہشت گردوں کے ایک گروپ نے دن کے اجالے میں ہندوستان کی جمہوریت کے مندر پر حملہ کیا تھا۔ اس حملے سے دنیا لرزاٹھی۔  پارلیمنٹ ہاؤس کی سکیورٹی میں تعینات ہمارے  سکیورٹی گارڈ  کی چوکسی اور بہادری نے ایک بڑے حادثے سے بچا لیا۔ اس دہشت گردانہ حملے کو ناکام بنانے کے لئے آٹھ بہادر جوانوں اورایک مالی نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور زبردست قربانی دی۔ پانچوں حملہ آور دہشتگردوں فوری کارروائی میں مار دیا گیا تھا۔
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ "اس جذباتی موقع پر میں آٹھ سکیورٹی گارڈ  اور مالی کی بہادری اور قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں۔  احسان مند قوم آپ کی قربانی کو ہمیشہ احترام کے ساتھ یاد رکھے گی"۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS