یوپی :فدائین حملے کی تیاری کررہے القاعدہ کے 2مبینہ ممبر کو گرفتارکرنے کادعویٰ

0
Republic World

لکھنؤ (ایس این بی) : لکھنؤ سمیت یوپی کے کچھ اہم اضلاع میں اے ٹی ایس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے فدائین حملہ میںسازش کر رہے القاعدہ کے انڈیا سب کانٹی نینٹ ماڈیول کے 2 سلیپر سیل کو اتوار کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں کے پاس سے ایک کارآمد کوکر بم، آئی ای ڈی، پسٹل اور بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مادہ برآمد کیاگیا ہے۔7 گھنٹے تک چلے اس آپریشن کے دوران اے ٹی ایس نے کاکوری تھانہ حلقہ کے دوبگا میں رہنے والے منہاج احمد ولد سراج احمد اور مڑیائوں میں رہنے والے نصیرالدین عرف مشیر ولد امین الدین کو گرفتار کیا ہے۔ منہاج لکھنؤ کی ایک یونیورسٹی میں ٹیکنیشین کا کام کرتا تھا، بعد میں اس نے وہیں ایک ریسرچ اسکالر سے شادی کرلی اور بیٹری کا کاروبار کرنے لگا، جبکہ مشیر اور اس کا لڑکا ای-رکشہ چلاتے ہیں۔ دونوں القاعدہ کے جز انصار غزوۃ الہند ماڈیول کے تحت منتخب کئے گئے تھے۔
اے ڈی جی نظم و نسق پرشانت کمار اور آئی جی اے ٹی ایس جی کے گوسوامی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ2 دن قبل منہاج کے گھر پر کوکر بم تیار کیا گیا تھا۔ دونوں کا لکھنؤ اور کچھ دیگر شہروں کے اہم اداروں اور بھیڑ بھاڑ والے مقامات کو نشانہ بنانے کا منصوبہ تھا۔ انہوں نے 15 اگست سے پہلے بڑے پیمانے پر یوپی میں سیریل بلاسٹ کرنے کی سازش بھی رچی تھی اور اس کیلئے انسانی بم تیار کرنے میں لگے ہوئے تھے۔ اے ٹی ایس کے موقع پر پہنچنے سے قبل ہی اس کے 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی تلاش میں لکھنؤ و اطراف میںچھاپے مارے جارہے ہیں۔ دونوں القاعدہ کے ممبر عمر ہلمنڈی کے اشارے پر دہشت گردانہ حملے کی اسکیم بنا رہے تھے۔ عمر افغانستان-پاکستان سرحد سے ہندوستان میں حملہ کی سازش کرنے والا ماسٹر مائنڈ ہے۔ اس نے ہی منہاج اور نصیرالدین کو ہندوستان میں ممبروںکو جوڑنے اور انہیں فدائین حملے کیلئے تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی تھی۔ اس کے بعد دونوں نے دھماکہ خیز مادّہ کا بندوبست کرنے کاکام شروع کردیا۔ اے ڈی جی نے بتایا کہ اس تنظیم میں کانپور کے بھی کچھ نوجوان شامل ہیں، جن کو تلاش کیا جارہا ہے۔ پورے اترپردیش میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور ممکنہ ٹھکانوں پرچھاپہ مارا جارہا ہے۔ اے ٹی ایس کے اس آپریشن کے بعد یہ شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ان دونوں کے نشانے پر کوئی سیاسی لیڈر تو نہیں تھا۔ حالانکہ اے ڈی جی نظم و نسق نے اس سے صاف انکار کیا ہے۔ انہوں نے یوپی کے کچھ اہم اداروں کو نشانہ بنانے کی بات کہی ہے۔
اے ٹی ایس نے 10 بجے کے قریب منہاج کے گھر کو گھیر لیا، تب آس پاس کے لوگوں کو اس آپریشن کے بارے میں علم ہوا۔ اے ٹی ایس کے کمانڈو نے منہاج اور اس کے نزدیکی 2 گھروں میں تلاشی لی۔ احتیاط کے طور پر 500 میٹر کے دائرے کے سبھی گھروں کو خالی بھی کرا لیا۔ تلاشی میں اے ٹی ایس کو کارآمد کوکر بم ملا، جسے بم ڈسپوزل دستہ کو بلا کر ناکارہ بنا دیا گیا۔ دونوں ملزمان کو پیر کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد اے ٹی ایس انہیں تحویل میں لے گی، تاکہ ان سے مزید معلومات حاصل کی جاسکیں۔
ذرائع کے مطابق اے ٹی ایس کو یہ کامیابی این آئی اے کی اطلاع پر ملی ہے۔ این آئی اے گزشتہ 2 دنوں سے کشمیر میں مبینہ دہشت گردوں کی تلاش میں متواترچھاپہ ماری ہے۔ اس دوران اسے لکھنؤ میں ان کے سرگرم ہونے کے بارے میں معلوم ہوا تھا۔ اس نے یہ اطلاع یوپی اے ٹی ایس کو دی۔ اے ٹی ایس نے دونوں کو گرفتار کر لیا۔ ان کے خلاف اے ٹی ایس تھانہ میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ جلدہی اس کیس کو این آئی اے ٹیک اوور کرے گی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS