حیدرآباد:مرکزی وزیر ٹیکسٹائل اسمرتی ایرانی نے کہا ہے کہ تلنگانہ حکومت کو چاہئے کہ وہ ان میڈیا اطلاعات کی جانچ کرے جس میں دکھایا گیا ہے کہ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کے اندراج پر روہنگیا،مجلسی لیڈروں سے اظہار تشکر کررہے ہیں۔ حیدرآباد میں بی جے پی کے دفتر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے الزام لگایا کہ مجلس غیر قانونی تارکین وطن کے نام فہرست رائے دہندگان میں درج کروانے میں مدد کے ذریعہ ملک کے حقیقی شہریوں کوسماجی مفادات کو محروم کرتے ہوئے ملک کو اندر سے کمزور کرنے کی کوشش کررہی ہے۔انہوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مجلسی لیڈروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہاکہ مقامی اور قومی نیوزچینلس میں اس بات کی اطلاعات ہیں کہ مجلس کے لیڈروں نے اپنے سرکاری لیٹر ہیڈس کے سفارشی مکتوب دیتے ہوئے فہرست رائے دہندگان میں روہنگیاوں کے ناموں کا اندراج کروایا ہے۔چونکہ یہ ریاست کا معاملہ ہے ٹی آرایس حکومت کو چاہئے کہ وہ ان اطلاعات کی جانچ کروائے۔انہوں نے کہا کہ ٹی آرایس اوراس کی حلیف جماعت مجلس کے رشوت خوراشتراک نے پرانا شہر حیدرآباد کو ترقی سے محروم کردیا ہے اور یہ افراد غیر قانونی رائے دہندوں کے ذریعہ فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں۔دونوں جماعتوں کے اس اتحاد کے نتیجہ میں 75000 ناجائز قبضے ہوئے۔ مرکزی وزیر نے رائے دہندوں پر زوردیا کہ وہ شہر کی ہمہ گیر ترقی کے لئے بی جے پی کوووٹ دیں۔ چین کی ہندوستان میں دراندازی اور ہندوستانی سرزمین پراس کے قبضہ کوروکنے میں ہندوستانی حکومت کی مبینہ ناکامی سے متعلق کئے گئے سوال پرمرکزی وزیر نے کہا کہ ہندوستانی فوج،سرحد پر تصادم سے نمٹنے کی اہل ہے تاہم ان کی فکرمجلس جیسی سیاسی جماعت سے متعلق ہے جو ملک کو اندر سے کمزور کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ اسمرتی ایرانی نے تلنگانہ میں مرکز کی آیوشمان بھارت جیسی اسکیم پر عمل نہ کرنے پر ٹی آرایس حکومت پر نکتہ چینی کی۔انہوں نے کہاکہ وزارت ٹیکسٹائل سے ہی تلنگانہ کو ریاست میں ٹیکسٹائل کی ترقی کے لئے 1920کروڑ روپئے دیئے گئے۔63ہزارنوجوان مرد وخواتین کو اسکل ڈیولپمنٹ کی تربیت دی گئی جن میں سے تقریبا دس ہزار کو ملازمت ملی۔
فہرست رائے دہندگان میں روہنگیاوں کے اندراج کی تلنگانہ حکومت جانچ کرے:اسمرتی ایرانی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS