استاد شاگرد اور یومِ اساتذہ

0

مفتی محمد مقبول قاسمی
اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، اس میں زندگی کے ہر شعبہ اور ہر تعلق کے حوالے سے جامع ہدایات دی گئی ہیں، اسلام میں حقوق العباد کو خاص اہمیت کے ساتھ بیان کیا گیا ہے، انہیں حقوق میں استاذ کے حقوق کو بھی بیان کیا گیا ہے، حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے استاذ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا: “مجھے معلم بناکر بھیجا گیا ہے”۔ (ابنِ ماجہ، حدیث نمبر:229)
اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے لیے کوئی تقریب منعقد کرنا بذات خود جائز ہے، بشرطیکہ اس میں کسی غیر شرعی کام کا ارتکاب نہ کیا جائے، لیکن اگر یہ تقریب غیروں کی نقالی اور تقلید میں منعقد کی جائے، تو پھر اس سے بچنا چاہیے، کیونکہ اسلام میں جتنا استاد کا ادب و احترام کرنے اور اس سے عزت و وقار سے پیش آنے کا حکم ہے، اتنا کسی اور مذہب میں نہیں ہے، اسلام ہر چیز میں اپنی ایک ثقافت، تشخص اور پہچان رکھتا ہے اور غیروں کی تقلید میں کوئی رسم منانے سے منع کرتا ہے، لہذا غیروں کی تقلید میں صرف ایک دن “ٹیچرز ڈے” (Teacher’s Day) منانا ایک بے مقصد کام ہے، اس کے بجائے ہمیں روز مرہ زندگی میں اساتذہ کے حقوق کا تحفظ اور خیال رکھنا چاہیے؛
ٹیچر ڈے کیا ہے؟ ہمارا معاشرہ سال کے جن ایام کو خصوصی اہمیت دیتاہے ، ان میں سے ایک یومِ اساتذہ بھی ہے، جو 5ستمبر کو ہر سال پورے ملک میں منایاجاتاہے۔ اس موقع پر جلسے ، مذاکرے اور اس نوعیت کے مختلف رنگا رنگ پروگراموں کا انعقاد کرکے ایک قابل احترام اور مقدس پیشہ میں مصروف اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کیاجاتاہے؛
ہم سب جانتے ہیں کہ یہ یادگار دن یعنی ٹیچرس ڈے ہندوستان کے پہلے نائب صدر اور دوسرے صدر جمہوریہ ڈاکٹر سروپلی رادھا کرشنن کے یوم ِ پیدا ئش پر منایا جاتاہے۔ آپ ایک استاذ کی حیثیت سے ترقی کرکے صدر جمہوریہ کے اعلی عہدے پر فائز ہوئے تھے۔ خود کو استاد کہلانا پسند کرتے تھے۔ وہ نہایت منکسر المزاج تھے۔ ان کا لباس سفید کوٹ، پگڑی اور دھوتی ہوا کرتاتھا۔ وہ اپنے طلبا میں اتنے مقبول تھے کہ یونیورسٹی سے رخصت ہونے پر طلبا ایک گھوڑا گاڑی کو سجا کر لائے ، اس میں انہیں سوارکرکے گھوڑوں کے بجائے؛ اپنے کاندھوں پر کھینچ کر اسٹیشن لئے گئے اور نمناک آنکھوں کے ساتھ عزت و احترام سے رخصت کیا۔
آج ہم یقینا یوم ِ اساتذہ تزک و احتشام کے ساتھ مناتے ہیں، اساتذہ کی حالت ضرور بہتر ہوئی ہے، ان کی ہر طرح مادی ترقی بھی ہوئی ہے مگر یہ تصویر کا صرف ایک رخ ہے، اس کا دوسرا پہلو اتنا ہی دھندلا اور قابل ِ غور ہے، جو ہمیں بتاتا ہے کہ استاد و شاگرد کا مستحکم رشتہ جو پہلے تھا وہ اب کافی کمزور ہوچکاہے ۔ ایک زمانہ وہ تھا جب استاد کو شخصیت ساز اور معمارِ قوم تصور کیا جاتاتھا اور حاکم ِ وقت بھی اپنے استاد کے احترام میں سرجھکا دیتے تھے۔ سکندر ِ اعظم کا واقعہ مشہور ہے کہ وہ اپنے استاد ارسطو کے ساتھ سفر کررہے تھے، راستے میں ایک دریا آیا تو دونوں میں یہ مشورہ ہوا کہ پہلے پانی میں اتر کر کون اس کی گہرائی کا اندازہ لگائے۔ سکندر اعظم کی ضد تھی کہ دریا کی گہرائی ناپنے کا اسے موقع دیا جائے ۔ ارسطو نے سکندر کو اس سے باز رکھتے ہوئے کہاکہ میں تمہار ا استاد ہوں، تمہیں میری بات ماننی ہوگی۔ پانی میں پہلے میں اتروں گا۔ سکندر نے برجستہ جواب دیا کہ استاذ محترم اس عمل میں آپ کی جان بھی جاسکتی ہے۔ لہذا میں ہرگز یہ گوارہ نہیں کروں گا کہ دنیا آپ جیسے لائق استاد سے محروم ہوجائے۔ کیوں کہ سیکڑوں سکندر مل کر بھی ایک ارسطو پیدا نہیں کرسکتے، جب کہ ایک ارسطو سیکڑوں کیا ہزاروں سکندر پیدا کرسکتاہے۔ سکندر کا یہ قول بھی بہت مشہور ہے کہ میرے والدین نے مجھے آسمان سے زمین پر اتارا؛ جب کہ میرے استاد نے مجھے زمین سے آسمان کی بلندی تک پہنچا دیا۔
ٹیچر کی اہمیت: اساتذہ کی اہمیت اس بات سے بھی ظاہر ہوتی ہے کہ دنیا کے تمام مذاہب نے اللہ کے حقوق کے ساتھ والدین اور استاد کے حقوق و احترام ادا کرنے کی تلقین کی ہے۔ ایک بچہ کی تربیت میں جو حصہ ماں ادا کرتی ہے ، وہی بعد میں ایک استاد نبھاتاہے۔ استاد صرف نصاب تعلیم نہیں پڑھاتا وہ شخصیت سازی کاکام بھی کرتاہے۔ تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بھی دیتاہے ۔ آج کا بچہ کل کا مثالی شہری گا۔ اسے پہلا سبق اپنے اساتذہ سے ہی لینا پڑتاہے اور ان کی نگرانی میں ہی بچہ جوانی کی سیڑھی پر قدم رکھتاہے۔ اسے اپنے اساتذہ سے صرف نصابی علم نہیں ملتا بلکہ اخلاق، تہذیب اور ثقافت کابھی درس ملتاہے۔ ٹیچر کے بغیر تعلیم کی تکمیل نہیں ہوسکتی۔ وہ زندگی کے تمام معاملات میں ایک گائیڈ کا کام کرتاہے، مارگ درشن دیتاہے۔
آج کا ہمارا تعلیمی نظام چار عناصر پر قائم ہے۔ کسی بھی تعلیمی ادارہ میں ان چار عناصر کی بہتر ترتیب اور خوبصورت تال میل سے ہی اچھے اور خاطرخواہ نتائج پیدا ہوسکتے ہیں۔ یہ چار عناصر اساتذہ ، طلبا ، گارجین اور انتظامیہ ہوتے ہیں، یعنی ایک استاد کا اپنے شاگردوں ، ان کے سرپرستوں اور اراکین انتظامیہ تینوں سے تعلق اور عمدہ رابطہ رہنا چاہئے۔ خاص طورسے استاد اور شاگرد یا معلم اور متعلم یعنی ٹیچر اور اسٹوڈنٹ کے رشتے کی بنیادی اہمیت ہے۔ افسوس یہ ہے کہ دورِ جدید میں اس پر ایک سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔ نظامِ تعلیم میں کسی اصلاح سے پہلے یہ دیکھنا ضروری ہے کہ استاد اور شاگرد کے رشتے میں آج بگاڑ کیوں پیدا ہواہے ، گرہیں کہاں پڑگئی ہیں؟ الجھاؤ کہاں ہے اور عقدہ کشائی کی صورت کیا ہے۔ ماضی میں یعنی قدیم تعلیمی نظام میں استاد و شاگرد کا رشتہ کبھی کوئی مسئلہ نہیں بنا۔ چاہے رشی منیوں کی پاٹھ شالائیں ہوں؛. یا صوفی سنتوں کی خانقاہیں اور دینی درس گاہیں ہوں۔ ان کا روحانی و اخلاقی نظام ہی تعلیم و تدریس کا بنیادی ذریعہ ہے۔ یہ تجربہ تو جدید تعلیمی اداروں میں نہیں کیا جاسکتا۔ کیوں کہ وقت اور حالات کے ساتھ اب ماحول میں بہت فرق آگیا ہے۔
جدید تعلیمی نظام اور نظرئیے پر غور وفکر سے قبل ان پر اثر انداز ہونے والے سیاسی ، سماجی اور معاشی محرکات پر بھی نگاہ ڈالنی ضروری ہے۔ انیسویں صدی کے اواخر میں یورپ میں صنعتی انقلاب آیا اور ساری دنیا پر اثر انداز ہوا۔ اس انقلاب کے نتیجہ میں مادیت اور لادینیت کا وہ سیلاب آیا کہ ہماری بہت سی اخلاقی و روحانی قدریں برباد ہوگئیں۔ قدیم تہذیبی بساط ہی الٹ گئی ۔ ظاہر ہے کہ ہمارا قدیم تعلیمی نظام بھی بدلا اور اسی کے ساتھ استاد اور شاگرد کا رشتہ بھی متاثر ہوا۔ المیہ یہ ہے کہ جو محبت اور تعظیم کا رشتہ تھا، جو خلوص اور تعلق خاطر پر مبنی تھا، وہ کاروباری سطح پر آگیا۔ جب ساراماحول مادیت سے متاثر ہوا تو متعلم بھی یعنی ایک طالب علم کی منطق یہ ہوئی کہ میں نے اسکول کالج میں داخلہ لیا ہے، فیس اداکرتاہوں ۔ اس لئے مجھے حق ہے کہ میں کلاس روم میں بیٹھوں اور لکچر سنوں۔ میں کسی استاد کا رہین منت اور احسان مند نہیں ہوں اور دوسری طرف معلم یعنی استاد بھی اسی ماحول کی پیداوار ہیں۔ ہم سب علم محض اس لئے حاصل کرتے ہیں کہ کسبِ معاش کرسکیں۔ جس کی وجہ سے علم کے لئے جو ایک لگن اور پیاس ہونی چاہئے وہ باقی نہیں رہ پائی۔ نتیجہ میں اپنے مضمون پر کامل دسترس نہیں ہوتی اور ایسے میں استاد اپنے عیوب چھپانے کے لئے علم وفضلیت کے لبادے اوڑھے اپنے شاگردوں کو ایک فاصلے پر رکھتاہے۔ طلبا سوال پوچھتے ہیں تو وہ انہیں دباتاہے اور رعب جماتاہے۔ ایسی صورت میں تو شاگردوں کی زبانیں چپ ہوجاتی ہیں مگر ان کے چہرے صاف بول رہے ہوتے ہیں کہ یہ آپ کے لئے زیبا نہ تھا۔ پھر ان کے دل میں استاد کے لئے محبت و تعظیم باقی نہیں رہتی ۔ چنانچہ شاگرد یہ سمجھتا ہے کہ میں نے فیس ادا کی ہے اور میں پڑھتا ہوں، استاد کا مرہون منت نہیں ہوں دوسری طرف استاد بھی پیشہ ور ہوگیا ہے، وہ یہ سمجھتا ہے کہ مجھے اتنی تنخواہ کے عوض اتنے گھنٹے کام کرنا ہے اور اس مقررہ مدت کے بعد طلبا کا مجھ پر کوئی حق باقی نہیں رہتاہے۔
کچھ وہ کھینچے کھینچے رہے، کچھ ہم تنے تنے
اسی کشمکش میں ٹوٹ گیا رشتہ چاہ کا
چاہت اور اپنائیت کے اس اٹوٹ رشتے کو پھر سے قائم کرنے کی ضرورت ہے معلم انسانیت ، رحمت عالم نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے : جو چھوٹوں پر شفقت نہیں کرتا اور بڑوں کااحترام نہیں کرتا، وہ ہم میں سے نہیں ہے۔
طلبا کو یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ وہ اساتذہ سے فیض حاصل کرتے ہیں ، اساتذہ ان کی ذہنی پرورش کرتے ہیں، وہ ان کے محسن ہیں اور شرافت کا تقاضہ یہ ہے کہ اپنے محسن کے سامنے انسان کی نگاہیں جھکتی رہیں۔ دوسری طرف استاد کا یہ سمجھنا کہ ان معین گھنٹوں کے بعد شاگرد کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ میرے دروازے پر دستک دے، صریحا غیر اخلاقی ہے۔ شاگرد ان کی معنوی اولا دہیں۔ وہ اپنی طالب علمانہ زندگی ہی میں نہیں بلکہ عمر بھر یہ حق رکھتاہے کہ جب بھی اسے کوئی الجھن پیش آئے تو وہ استاد کے دروازے پر دستک دے اور اس کا مشورہ چاہے۔ ابتدا میں شفقت و تعظیم کی بات آئی تھی۔ استاد اور شاگرد کے رشتے کی یہ ایک بنیادی کڑی ہے۔ مگر یہ جاننا چاہئے کہ شفقت و تعظیم لازم وملزوم ہیں۔ کبھی تعظیم سے شفقت پیدا ہوتی ہے اور کبھی تعظیم شفقت کو جنم دیتی ہے۔ شفقت و محبت وہ چیز ہے کہ اس سے برف کے سلوں اور پتھر کی چٹانوں کو پگھلتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ خلوص ومحبت ہمیشہ دلوں کو فتح کرتے ہیں اور جو دلوں کو فتح کرلے وہی فاتح ِ زمانہ ۔ استاد وشاگرد کے رشتوں کی تمام پیچیدگیاں شفقت و تعظیم کے آزمودہ نسخے سے ہی دور ہوسکتی ہیں؛ اللہ تعالی ہم سب کو ہمیشہ اپنے اساتذہ کی عزت و احترام کرنے کی توفیق عطا فرمائے؛ ہمارے اساتذہ کا سایہ ہمارے سروں پر تادیر قائم رکھے؛ ہر طرح کی بیماری، پریشانی، مصیبت، تکلیف سے مکمل اپنے حفظ و امان میں رکھے۔آمین

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS