سری نگر: (یو این آئی) سعودی عرب میں ایک سڑک حادثے میں جان بحق ہونے والے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان کے اہلخانہ نے جموں و کشمیر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے لخت جگر کی لاش واپس وطن لانے کے لئے ان کو مدد فراہم کریں۔ذرائع کے مطابق شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے گوئیگام ٹنگمرگ سے تعلق رکھنے والا 27 سالہ نوجوان سعودی عرب میں ہفتے کی علی الصبح ایک سڑک حادثے میں لقمہ اجل بن گیا۔متوفی نوجوان کی شناخت محمد یونس میر ولد محمد سعد اللہ میر کے بطور ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ محمد یونس نماز تہجد ادا کرنے کے بعد واپس اپنے قیام گاہ کی طرف آرہا تھا کہ وہ ایک سڑک حادثے کا شکار ہوگیا۔ان کا کہنا تھا کہ یونس اپنے اہلخانہ کے لئے کمانے والا واحد فرد تھا اور وہ ایک ریستوران میں کام کر رہا تھا۔
دریں اثنا متوفی نوجوان کے اہلخانہ نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے لخت جگر کی لاش واپس وطن لانے میں ان کو مدد فراہم کریں۔متوفی نوجوان کے ایک رشتہ دار نے کہا: ’ہماری لیفٹیننٹ گورنر صاحب سے گذارش ہے کہ وہ لاش واپس لانے میں ہماری مدد کریں تاکہ ہم اپنے لخت جگر کی یہیں تجہیز و تکفین کر سکیں‘۔
سعودی عرب میں سڑک حادثے میں ہلاک ہونے والے نوجوان کے اہلخانہ کی انتظامیہ سے لاش واپس لانے میں مدد کی اپیل
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS