چنئی، (یو این آئی)
تمل ناڈو کے وزیر اعلی اور حکمراں دراوڑ منیترا کزگم (ڈی ایم کے ) کے صدر ایم کے اسٹالن کے بیٹے ادے ندھی اسٹالن نے بدھ کو ریاستی کابینہ میں وزیر کے طور پر حلف لیا۔ گورنر آر این روی نے راج بھون میں منعقدہ ایک مختصر تقریب میں 45 سالہ اسٹالن کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ مسٹر اسٹالن چیپاک-تھروواللیکنی حلقہ سے ایم ایل اے ہیں۔راج بھون کے دربار ہال میں منعقدہ حلف برداری تقریب میں وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن، ان کے کابینہ کے ساتھی اور پارٹی کے سینئر لیڈر موجود تھے ۔ وزیر کے طور پر حلف لینے کے بعد گورنر اور وزیر اعلیٰ سے مصافحہ کرنے کے بعد مسٹر ادے نیدھی کا سینئر وزراء نے استقبال کیا۔مسٹر ادے نیدھی نے اس کے بعد اپنے دادا، آنجہانی وزیر اعلیٰ اور ڈی ایم کے کے سرپرست ایم کروناندھی کی یادگار پر اور مرینا بیچ فرنٹ پر ڈی ایم کے کے بانی اور تجربہ کار دراوڑ لیڈر سی این انادورائی کی یادگار پر خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد وہ ریاستی سکریٹریٹ گئے اور نوجوانوں کی بہبود اور کھیلوں کی ترقی اور خصوصی پروگرام کے نفاذ کے وزیر کا چارج سنبھالا۔
ڈی ایم کے کے ذرائع نے بتایا کہ ڈی ایم کے کے یوتھ ونگ سکریٹری ادے نیدھی کو پارٹی کے اقتدار میں آنے کے 18 ماہ بعد وزیر بنایا جانا ان کی محنت کا ایک مناسب تحفہ ہے ۔ڈی ایم کے کے سینئر لیڈر اور ریاست کے اعلیٰ تعلیم کے وزیر کے پونموڈی نے مسٹر ادے نیدھی کی کابینہ میں شمولیت کو درست اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ 2019 لوک سبھا اور 2021 کے اسمبلی انتخابات کی مہم کے دوران کئے گئے ان کے قابل ستائش کام کو دیکھتے ہوئے انہیں 18 مہینے پہلے وزیر بنا دیا جانا چاہئے تھا۔ مسٹر ادے نیدھی ایک مشہور اداکار بھی ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز فلم ‘اورو کل اورو کنڈی’ سے کیا۔ یہ ایک کامیڈی فلم تھی اور باکس آفس پر زبردست ہٹ ثابت ہوئی۔ اس کے بعد ادے نیدھی تمل فلم انڈسٹری میں ایک معروف اداکار کے طور پر ابھرے ۔ انہوں نے کئی فلموں میں مرکزی کردار ادا کیا، جو باکس آفس پر زبردست ہٹ ثابت ہوئیں۔ انہوں نے کئی فلمیں پروڈیوس بھی کی ہیں۔
تمل ناڈو:وزیر اعلیٰ اسٹالن کے بیٹے ادے کابینہ میں شامل
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS