کابل(یواین آئی): طالبان نے وادیٔ پنجشیر کی راجدھانی ، گورنر ہاؤس اور پولیس ہیڈ کوارٹر پر قبضہ کرلیا۔افغان میڈیا کے مطابق طالبان نے شمالی اتحاد کے گڑھ وادیٔ پنجشیر کے دارالحکومت پر قبضہ کرلیا۔ افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ دو طرفہ لڑائی میں مقامی ملیشیا کے ترجمان فہیم دشتی مقابلے میں مارے گئے ہیں، جب کہ گورنر ہاؤس اور پولیس ہیڈ کوارٹرز طالبان کے کنٹرول میں ہیں۔ اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ شمالی اتحاد اور طالبان کے درمیان جنگ بندی کا امکان ہے اور اس حوالے سے شمالی اتحاد کے سربراہ احمد مسعود نے طالبان کے ساتھ مذاکرات پر مشروط آمادگی بھی ظاہر کی ہے۔ طالبان ذرائع کے مطابق لڑائی کے دوران احمد مسعود کے ترجمان فہیم دشتی سمیت چار اہم کمانڈر مارے گئے۔
فہیم دشتی احمد مسعود کا قریبی ساتھی اور ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ کا بھانجہ تھا، افغان میڈیا کے مطابق فہیم دشتی کے ہمراہ مزاحمتی فورس کے اہم کمانڈر جنرل عبدالودود بھی ہلاک ہوگئے۔
افغان میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ دو اہم کمانڈر گل حیدر خان اور منیب امیری بھی لڑائی کے دوران مارے گئے۔ طالبان نے پنجشیر کے گورنر ہاؤس اور پولیس ہیڈ کوارٹرزسمیت تمام 7اضلاع پر قبضے کا دعویٰ کیا ہے۔
پنجشیر کی راجدھانی پر طالبان کا قبضہ:افغان میڈیا
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS