گرمی میں بچوں کے کھانے پینے کا خاص خیال رکھیں

0

موسم کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ اگر ہم اپنے روٹین، کھانے پینے و دیگر ایکٹیوٹیز میں تبدیلی نہ لائیں تو اس کے منفی اثرات ہماری صحت پر پڑتے ہیں۔ جہاں ہر موسم کی اپنی خاصیت ہوتی ہے، وہیں موسم کے پیش نظر کچھ احتیاط بھی لازم ہوتی ہیں۔ گرمی کا موسم اپنے ساتھ بہت سی پریشانیاں لاتا ہے، اسی وجہ سے اس موسم میں کھانے، پینے اور کپڑوں کے انتخاب میں کافی احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔ ذرا سی لاپروائی ہمیں بڑی مشکل میں ڈال دیتی ہے۔ ان دنوں گرمی کا موسم پورے شباب پر ہے۔ ان دنوں ہر گھر میں ایک ہی بات ہوتی ہے کہ کھانے میں کیا بنایا جائے۔ گرمی میں سادہ کھانا اور صاف شفاف پانی سب سے بڑی ضرورت ہوتی ہے۔ سب سے زیادہ پریشانی ان گھروں میں ہوتی ہے، جہاں بچے ہوتے ہیں۔ بچے ویسے بھی کھانے میں ڈرامہ کرتے ہیں۔ ان دنوں بچوں کو کھانے میں ایسا کیا دیا جائے کہ بچوںکو اچھا بھی لگے اور وہ صحت مند بھی رہیں۔
غذائیت سے بھرپور غذا کا استعمال کیجیے۔ گرمی میں بچوں کے لیے کھانے پینے کے معاملے میں زیادہ محتاط ہونے کی ضرورت ہے۔ بچے گرمیوں میں فرج میں رکھے ٹھنڈے پانی، برف یا آئس کریم کی سب سے زیادہ ضد کرتے ہیں لیکن آئس کریم و برف کا استعمال بھی بچوں کو بیمار کرسکتا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق گرمیوں میں بچوں کے کھانے پینے میں ذرا سی لاپروائی انہیں فوراً بیمار کرسکتی ہے۔
بچوں کو کھیل کھیل میں کھانا کھلائیے۔ ڈائٹیشین کے مطابق چھوٹے بچوںکو کھیل کھیل میں کھانا کھلایا جائے تو زیادہ بہتر ہے۔ بچوںکو ایک ساتھ کھانا نہیں کھلانا چاہیے بلکہ تھوڑا تھوڑا کرکے کھلانا چاہیے۔ بچوں کو گرمی کے موسم میں پھل، جوس، سادہ دال روٹی، سبزی، بسکٹ، دلیا، کھچڑی وغیرہ دی جاسکتی ہے۔
پینے کے پانی کا خاص خیال رکھئے۔ چائلڈ اسپیشلسٹ کے مطابق بچوں کو صاف شفاف پانی ہی پلائیے۔ خیال رکھیں کہ بچے زیادہ سے زیادہ پانی پئیں۔ اس کے علاوہ بچوںکو بازار میں بنی ماوے کی مٹھائیاں، آئس کریم و تلے ہوئے کھانے سے دور رکھیں۔
کھانے پینے کے علاوہ گرمیوں میں بچوں کے پہناوے پر بھی خصوصی توجہ دینی ضروری ہے۔ بچوں کے جسم کو پورے ڈھکنے والے اور ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہنائیں۔ دھوپ میں نکلتے وقت سر، ناک اور کان باندھ کر نکلیں۔ زیادہ تر کاٹن کے کپڑوں کا انتخاب کیجیے، کیوں کہ اس سے گرمی کا اثر کم محسوس ہوتا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS