ٹوکیو: (یواین آئی) ہندوستان کی تلوار باز بھوانی دیوی نے یہاں پیر کے روز خاتون کے انفرادی تلواربازی مقابلے میں دوسرے میچ میں ہار کر ٹوکیو اولمپک 2020 سے باہر ہونے سے پہلے اپنے اولمپک ڈیبیو میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
اولمپک کے لئے کوالیفائی کرنے والی ملک کی پہلی تلوارباز 27 سالہ بھوانی دیوی مکہاری میسے ہال میں ریو اولمپک کی سیمی فائنلسٹ مانون برونیٹ سے 15-7 سے شکست کھاگئیں۔
بھوانی نے دوسرے میچ میں شکست سے پہلے اتوار کو ہندوستان کا پہلا تلواربازی میچ جیت کر تاریخ رقم کی تھی ۔ انہوں نے اپنی مہم کی شروعات پہلے راونڈ میں تیونیشیا کی نادیابین عزیزی کے خلاف 3-15 سے شاندار جیت کے ساتھ کیا۔ برونیٹ کے خلاف اپنی جدوجہد میں بھوانی پورے میں دفاع کرتی رہیں، کیونکہ عالمی چیمپئن کی نقرئی تمغہ فاتح برونیٹ نے ان کی حکمت عملی کو ناکام کرنے میں اپنے سبھی تجربہ کا استعمال کیا۔ جیسے جیسے میچ آگے بڑھا ہندوستانی کھلاڑی کے لئے پوائنٹ کے فرق کو کم کرنا مشکل ہوگیا کیونکہ برونیٹ نے 16 ویں راونڈ میں 7-15 سے جیت درج کی۔
واضح رہے کہ تلواربازی مقابلے میں سب سے پہلے 15 پوائنٹ جمع کرنے والے تلوارباز کو فاتح قرار دیا جاتا ہے۔