اکھاڑا پریشد کے صدر مہنت نریندر گری کی مشتبہ موت

0
Image: The Indian Express

پریاگراج:(ایجنسی)،اکھاڑا پریشد کے صدر مہنت نریندر گری کا پیر کو مشکوک حالات میں انتقال ہوگیا۔ معلومات کے مطابق ان کی پریاگ راج میں موت ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ان کی لاش باگھنبری مٹھ میں ہی رسی کے پھندے سے لٹکی ہوئی پائی گئی۔ قابل ذکر ہے کہ اسی وقت اکھاڑا پریشد کے اندر اختلافات کی خبریں ایک بار پھر اٹھ رہی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ مہنت نریندر گری کا کمرہ اندر سے بند پایا گیا تھا،جس کے بعد جب اسے شک کی بنیاد پر کھولا گیا تو مہنت نریندر گری کی لاش اندر سے ملی۔ پولیس کو اس سے ایک خودکشی نوٹ بھی ملا ہے۔ جس میں ذہنی طور پر پریشان ہونے کا بھی ذکر ہے۔ اس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ مہنت نریندر گری پچھلے کچھ دنوں سے پریشانی سے گزر رہے تھے۔
تاہم ابتدائی تفتیش کے بعد پولیس نے قتل کی تردید کی ہے۔ ذرائع کے مطابق مہنت نریندر گری نے خودکشی کی ہے۔ تاہم پولیس نے ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ اس کی موت کی وجہ خودکشی ہے یا کچھ اور۔ خبر کے بعد پولیس نے پورے علاقے کو سیل کردیا ہے اور کسی کو بھی مٹھ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔
ذرائع سے موصولہ معلومات کے مطابق مہنت نریندر گری کا اپنے ایک شاگرد آنند گری سے کچھ عرصے سے تنازعہ چل رہا تھا۔ کچھ دن پہلے مہنت نریندر گری اور ان کے شاگرد کے درمیان اس تنازعہ کے حوالے سے تصفیہ ہوا تھا۔ شاگرد نے ان سے معافی مانگی تھی جس کے بعد مہنت گری نے بھی اسے معاف کردیا۔ قابل ذکر ہے کہ مہنت نریندر گری بھی کچھ عرصہ قبل کورونا سے متاثر ہوئے تھے،حالانکہ وہ اسے شکست دینے کے بعد صحت مند ہو گئے تھے۔

اکھاڑا پریشد کے صدر نریندرگری کی موت کی خبر آتے ہی ایودھیا میں سوگ کی لہر پھیل گئی ہے۔ ہنومان گڑھی کے مہنت راجو داس نے کہا کہ اکھاڑا پریشد کے صدر کی موت کی اطلاع بہت افسوسناک ہے۔ بھگوان سے دعا ہے کہ مرحوم کی روح کو سکون عطا فرمائے۔ نریندرگری کی موت سادھو سماج کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ وہ ہمیشہ سناتن دھرم کے تحفظ کے لیے وقف تھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS