مزدوروں کے رجسٹریشن کیلئے سافٹ ویئر بنانے میں تاخیر پر سپریم کورٹ ناراض

0

نئی دہلی (یو این آئی) : سپریم کورٹ نے منگل کو تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ’ون نیشن ون راشن کارڈ‘اسکیم کو 31 جولائی تک نافذ کریں۔ جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس ایم آر شاہ پر مشتمل ڈویژن بنچ نے غیر مقیم مزدوروں کی فلاح و بہبود سے متعلق مرکزی اور ریاستی حکومتوں کیلئے متعدد رہنما خطوط جاری کیے۔ عدالت عظمیٰ نے حکومت سے غیر منظم اور غیر مقیم مزدوروں کی رجسٹریشن کیلئے نیشنل انفارمیٹک سنٹر (این آئی سی) کی مدد سے ایک ویب پورٹل تیار کرنے کا بھی حکم دیا ہے ۔مہاجر مزدوروں کی نقل مکانی اور کورونا وباکی وجہ سے دگرگوں صورتحال کی اصلاح کیلئے ازخود نوٹس لینے سے متعلق اپنے حکم میں عدالت عظمیٰ نے کہا ہے کہ حکومتیں غیر مقیم مزدوروں کیلئے راشن مہیا کریں اور وبا جاری رہنے تک کمیونٹی کچن جاری رکھا جائے۔بنچ نے ریاستوں کو ان کے مطالبہ کے مطابق اضافی غلہ فراہم کرنے کی ہدایت کی ، اور ریاستی حکومتوں سے بھی کہا کہ وہ غیر مقیم مزدوروں میں راشن کی تقسیم کیلئے موزوں منصوبے بنائے ۔خیال رہے ’ون نیشن ون راشن کارڈ‘اسکیم کے تحت راشن ملک کے کسی بھی حصے سے لیا جاسکتا ہے۔ حالانکہ دہلی کے علاوہ ، اس اسکیم کو ابھی تک مغربی بنگال اور آسام کی ریاستی حکومتوں نے نافذ نہیں کیا ہے۔اس پر کورٹ نے ناراضگی ظاہر کی تھی اور کہا تھا کہ اس پر کوئی بہانہ نہیں بنانا چاہئے۔ بنگال کو یہ اسکیم نافذ کرنی چاہئے،کیونکہ یہ ان مزدوروں کی بھلائی کیلئے ہے، جنہیں ہر ریاست میں راشن ملے گا۔سبھی ریاستوں کو یہ اسکیم ضروری طور پر نافذ کرنی چاہئے۔
مزدوروں کے رجسٹریشن کیلئے سافٹ ویئر بنانے میں دیری پر بھی عدالت نے ناراضگی ظاہر کی تھی۔ عدالت نے کہا تھا کہ ا س سے پورے ملک میں ایک ڈیٹا بیس تیار ہوسکے گا۔ سپریم کورٹ نے مرکز سے سوال کیا تھا کہ سافٹ ویئر کے نہ ہونے پر مرکز نومبر تک ان مزدوروں تک وزیراعظم غریب فلاح منصوبہ کے تحت فری راشن کیسے پہنچائے گا، جن کا راشن کارڈ ہی نہیں ہے؟ ابھی بھی سافٹ ویئر نہیں بن پایا ہے؟ ابھی بھی آپ کو تین چار مہینے کیوں چاہئے؟ مہاجر مزدوروں کے روزگار اورراشن کو لے کر سپریم کورٹ نے پہلے ہوئی سماعت میں بڑا تبصرہ کیا تھا۔ عدالت نے کہا تھا کہ دہلی، ہریانہ اور اترپردیش کی حکومتیں قومی راجدھانی حلقہ(این سی آر) میں آنے والے ضلعوں میں اجتماعی رسوئی کھولیں، تاکہ مزدور اور ان کا کنبہ 2 وقت کا کھانا کھاسکیں۔ مہاجر مزدوربغیر پیسے اور روزگار کے کیسے گزر بسر کریں گے؟ فی الحال کچھ تو سہارا دیا جانا چاہئے۔ آپ کو تلخ سچائی کو سمجھنا ہی ہوگا اور راحت فوراً دی جانی ضروری ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS