تمل ناڈو میں نیٹ امتحان کی تیاری کرنے والی طالبہ کی خودکشی

0

مدورئی ۔ چنئی: قومی اہلیت و داخلہ امتحان (نیٹ)کی تیاری کرنے والی تامل ناڈو کی 19 سالہ طالبہ نے ہفتہ کے روز خودکشی کرلی۔
پولس نے ہفتہ کے روز بتایا کہ مروگا سندرم تھانہ کے سب انسپکٹر کی بیٹی ایم جیوتی درگا اپنے بیڈ روم کی چھت سے لٹکی ہوئی ملی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق جیوتی نے رات تک پڑھائی کرتی رہی، جس کے بعد وہ سونے چلی گئی۔ آج صبح وہ چھت سے لٹکی ہوئی ملی۔ ابتدائی تفتیش سے انکشاف ہوا ہے کہ وہ گزشتہ سال ہونے والے نیٹ امتحان میں ناکام ہوگئی تھی اور کل سے ہونے والے نیٹ امتحان کے بارے میں کافی دن سے پریشان تھی۔
پولس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔ ایک ہفتہ کے اندر تمل ناڈو میں نیٹ امتحان کےامیدوار کی خودکشی کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
وزیر اعلی ای پلانیسوامی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے انتہائی قدم اٹھانے والے بچے تکلیف کا سبب بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زندگی میں کامیابی کے لاتعداد طریقے ہیں اوراس کامیابی کی ضمانت اس وقت ہوتی ہے جب طلبہ کے اندر کچھ بھی کرنے کا عزم اوراستقامت ہو۔
انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ ریاستی حکومت طلبہ کی فلاح و بہبود اور ترقی میں معاون رہے گی۔ انہوں نے والدین سے بھی درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں کے عزائم کو جان کر ان کی رہنمائی کریں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS