ہیمنت کو INDIA اتحاد سے دور رکھنے کی حکمت عملی

0

رانچی(ایس این بی): وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو انڈیا اتحاد سے دور رکھنے کی بی جے پی کی حکمت عملی بنتی دکھائی دے رہی ہے۔ بی جے پی اعلیٰ کمان کو معلوم ہے کہ بغیر ہیمنت سورین کو این ڈی اے میں لئے جھارکھنڈ کے اقتدار پر واپسی نا ممکن ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بی جے پی نے جانچ ایجنسیوں کے ذریعہ ہیمنت سورین پر دباؤ کی پالیسی اپنانی شروع کردی ہے۔

دسمبر ماہ میں ای ڈی نے چھ مرتبہ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو سمن جاری کیا اور دفتر میں حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔لیکن مسٹر سورین نے ای ڈی کے دفتر میں حاضر نہیں لگائی۔ ان کا بار بار یہی کہنا کہ مرکزی حکومت جانچ ایجنسیوں کے ذریعہ مجھے نہ صرف پریشان کررہی ہے بلکہ حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ میں ای ڈی کے سامنے کسی بھی صورت میں پیش نہیں ہوں گا۔ بی جے پی اس معاملے میں گورنر سے ملاقات کرکے وزیر اعلیٰ کو ای ڈی کے سامنے پیش ہونے کا دباؤ بنارہی ہے۔

وہیں دوسری جانب انڈیا اتحاد کی جو چوتھی میٹنگ دہلی میں ہوئی اس میٹنگ میں بطور وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین شامل نہیں ہوئے اور انہوں نے اپنا نمائندہ اس میٹنگ میں بھیجا۔مسٹر سورین کا یہ کہنا کہ میں انڈیا اتحاد کی مضبوطی کے لئے ہی کام کرتا رہوں گااور 2024 کے پارلیمانی انتخاب میں بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کردوں گا۔

بی جے پی اعلیٰ کمان کو یہ بات اچھی طرح معلوم ہے کہ وزیراعلیٰ ہیمنت سورین اپنی کارکردگی کی بنیاد پر نہ صرف آدیواسیوں بلکہ غیر آدیواسیوں میں بھی عوامی مقبولیت کے حامل ہیں اور یہی وجہ ہے کہ جے ایم ایم جھارکھنڈ میں ایک بڑی پارٹی کے طورپر ابھر رہی ہے۔اگربی جے پی 2024 کے جھارکھنڈ اسمبلی انتخاب میں اقتدار میں واپسی چاہتی ہے تو اسے ہر حال میں ہیمنت سورین کو انڈیا اتحاد کا ساتھی بنانا ہوگا۔ کیونکہ بغیر سورین کے جھارکھنڈ میں بی جے پی اقتدار میں واپسی نہیں کر سکتی۔ جبکہ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین ایک طرف مرکزی حکومت کی جانچ ایجنسیوں کا مسلسل سامناکررہے ہیں باوجود اس کے حکومت کی جانب سے جن فلاحی اسکیموں کا انہوں نے نفاذ کیا ہے اس کا سیدھا فائدہ سماج کے عام طبقوں تک پہنچانے کے لئے وہ مسلسل عوام سے روبرو ہو رہے ہیں۔ ان کے اس پروگرام سے جہاں ایک طرف ان کی عوامی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے.

وہیں بی جے پی اندرونی طو رپر خوف ودہشت کا سامناکررہی ہے کہ آخر جھارکھنڈ میں 2024کے اسمبلی انتخاب میں پارٹی کس طرح اقتدار پر قابض ہوگی۔ جبکہ ٹھیک اس کے برعکس انڈیا اتحاد مرکزی حکومت کی غلط پالیسی کے خلاف نہ صرف عوام کو بیدار کررہی ہے بلکہ بہت جلد سیٹ شیئرنگ کے ذریعہ اتحاد کومضبوطی دینے میں کامیاب ہوگی۔

مزید پڑھیں: فرانسیسی صدر میکرون یوم جمہوریہ کی تقریبات کے مہمان خصوصی ہوں گے

جھارکھنڈ کی سیاست میں بی جے پی کے خلاف انڈیا اتحاد ایک مضبوط قوت ہے اور مرکزی حکومت کی جانب سے اس بات کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے کہ پارلیمانی انتخاب کے قبل ہی ہیمنت سورین پر دباؤ کی پالیسی اپناکر انہیں انڈیا اتحاد سے دورکردیا جائے اور یہی پالیسی بی جے پی کی کامیابی کی ضمانت بن سکتی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS