نئی دہلی: عام لوگوں کو سب سے زیادہ قرض فراہم کرنے والا ملک کا سب سے بڑا سرکاری بینک ایس بی آئی وزارت الیکٹرونکس و اطلاعاتی ٹکنالوجی کے ڈجیٹل ادائیگی کے اسکور بورڈ میں گزشتہ 3 مہینے سے سب سے آگے ہے۔یہ اسکور بورڈ مختلف ڈجیٹل معیاروں سے تجارتی بینکوں کی کارکردگی کی درجہ بندی فراہم کرتا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا سب سے زیادہ 64 کروڑ یوپی آئی لین دین اور 13.5 کروڑ صارفین کی بنیاد کے ساتھ سب سے بڑا ریمیٹر بینک ہے۔ اسٹیٹ بینک نے اپنے ڈجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعہ 636 کروڑ روپے کے لین دین کیے ہیں جو اس کے کل لین دین کا 67 فیصد ہے۔ موبائل بینکنگ کے ذریعہ لین دین کی تعداد کے لحاظ سے بینک کا 25 فیصد مارکیٹ شیئر ہے۔ایس بی آئی کے پرچم بردار ڈجیٹل اور لائف اسٹائل پلیٹ فارم ’یونو‘ نے ڈجیٹل طور پر قرض دینے کے عمل کو بھی آسان بنایا ہے۔ رواں مالی سال میں اپریل سے دسمبر 2020 تک یونو کے ذریعہ 15 ہزار 996 کروڑ روپے کے 10 لاکھ ذاتی قرض دیے گئے ہیں اور اس سے ڈجیٹل طریقے سے قرض دینے کے عمل کو تقویت ملی ہے۔قابل ذکر ہے کہ ایس بی آئی سب سے زیادہ ڈیبٹ کارڈ جاری کرنے والا بینک بھی ہے۔ 29 کروڑ سے زیادہ ڈیبٹ کارڈ ایس بی آئی کے صارفین استعمال کرتے ہیں۔ کارڈ سے خرچ کرنے میں اس کا مارکیٹ شیئر 30 فیصد اور لین دین کی تعداد 29 فیصد ہے۔ بینک نے رقم ادائیگی قبول کرنے کے لئے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے میں بھی اچھی پیشرفت کی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS