صحافت کے میدان میں نمایاں خدمات کیلئے ارشد فریدی اعزاز سے سر فراز
لکھنؤ: محمود آباد، سیتاپور میں مولانا آزاد انسٹی ٹیوٹ آف ہومینٹیز سائنس اینڈ ٹکنالوجی، یوپی اردو اکادمی اور فخر الدین علی احمدمیموریل کمیٹی کے اشتراک سے منعقد کیے جانے والے ایک 2 روزہ بین الاقوامی اردو کانفرنس میں مختلف شعبوں میں کارہائے نمایاں انجام دینے والی شخصیات کو اعزاز سے نوازا گیا۔
غور طلب ہے کہ کانفرنس کے افتتاحی پروگرام کا آغاز قومی گیت سے ہوا۔ افتتاحی تقریر کرتے ہوئے کیر ل کے گورنر عارف محمد خان نے کہا کہ اردو کانفرنس کو قومی یکجہتی کانفرنس ہونا چاہیے کیونکہ زبان، مذہب اور عقیدہ کی بنیاد پر سماج ایک نہیں ہو سکتا ہے بلکہ انسانیت کی بنیاد پر ایک سماج کی تشکیل ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم ہندوستان کی قدیم تاریخ کا جائزہ لیں تو اندازہ ہوتا ہے کہ ہماری شناخت ہماری تہذیب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ہندوستانی تہذیب و ثقافت کو برقرار رکھ کر ملک کی ترقی میں پیش پیش رہنا ہے اور قومی ایکتا کے تحت سب کو ایک ساتھ لے کر چلنا ہے۔ سابق وزیر ڈاکٹر عما ر رضوی نے عارف محمد خان کی گل پوشی کرکے خیر مقدم کیا۔ عمار رضوی نے کہا کہ بین الاقوامی اردو کانفرنس کے ذریعہ نہ صرف زبان کا پیغام جاتا ہے بلکہ محبت، پیار اور بھائی چارے کا بھی پیغام جاتا ہے۔ پروگرام کی صدارت پروفیسر سید وسیم اختر چانسلر انٹیگرل یونیورسٹی لکھنؤنے کی۔
کانفرنس میں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر روزنامہ میرا وطن،دہلی کے ایڈ یٹر ارشد فریدی کو صحافتی خدمات کے لئے کیرل کے گورنر عارف محمد خان کے ہاتھوں اعزازسے نوازا گیا۔ ارشد فریدی کا صحافتی سفر 3 دہائیوں سے زیادہ عرصہ پر محیط ہے۔اس دوران انہوں کئی بڑے صحافتی اداروں دینک جاگرن، راشٹریہ سہار ااور امر اجالا وغیرہ میں اپنی خدمات انجام دیں۔ 2003میں انہیں دہلی اسمبلی میں عمدہ رپورٹنگ کے لئے اس وقت کی وزیر اعلیٰ شیلا دیکشت کے ہاتھوں بیسٹ جرنلسٹ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ابھی حالیہ دنوں میں ارشد فریدی کو حکومت ایران کی جانب سے فارسی کے فروغ کے لئے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ اس سے قبل انہیں لکھنؤاور دیگر مقامات پر بھی میدان صحافت میں گراں قدر خدمات کے لئے اعزاز سے نوازا جا چکا ہے۔
اس بین الاقوامی کانفرنس میں پروفیسر شارب رودلوی، سعید نقوی اور پروفیسر عباس رضا نیر، صحافی اکھلیش واجپئی، ابراہیم علوی، شیام جی جیسی شخصیات کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS