دبئی: ششانک منوہر چار سال تک بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے چیئرمین رہنے کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں اور ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ اگلے ہفتے تک منوہر کے جانشین منتخب ہونے تک عبوری چیئرمین کا عہدے سنبھالیں گے۔
آئی سی سی کے چیف ایکزکٹیو افسر منوساہنی نے بدھ کے روز یہ اطلاع دی۔ منوہر نے 2016 میں یہ عہدہ سنبھالا تھا۔
منو ساہنی نے کہا کہ آئی سی سی بورڈ ،اسٹاف اور پوری کرکٹ کمینوٹی کی طرف سے میں ششانک کا ان کی قیادت اور بطور چیئرمین جو کچھ انہوں نے کیا ہے اس کے لئے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ ہم انہیں اور ان کے کنبے کو مستقبل کے لئے اپنی نیک خواہشات پیش کرتے ہیں۔
خواجہ نے کہا کہ آئی سی سی بورڈ میں ہر کوئی ششانک کو کھیل کے تئیں ان کی ذمہ داری کے لئے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہے۔ وہ جب اپنا عہدہ چھوڑ رہے ہیں تب انہوں نے کرکٹ اور آئی سی سی کو بہتر پوزیشن میں پہنچا دیا ہے۔ منوہر 2016 میں بلامقابلہ آئی سی سی کے چیئرمین منتخب کئے گئے تھے اور 2018 میں بھی انہیں دو سال کے لئے بلامقابلہ منتخب کیا گیا تھا۔
منوہر کی مدت کار ختم ہونے کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلس کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے صدر کولن گریوس آئی سی سی چیئرمین عہدے کے مضبوط دعویدار مانے جارہے ہیں۔
گریوس پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں کہ وہ تین اگست کو ای سی بی کا عہدے چھوڑ دیں گے۔ کرکٹ ساوتھ افریقہ کے صدر کرس نینجانی بھی اس دوڑ میں شامل ہیں۔