چہل، سندر کی شاندار بالنگ، ٹیم انڈیا نے دی ونڈیز کو شکست

0

احمد آباد (یو این آئی) : لیگ اسپنر یوزویندر چہل (49 رن پر 4 وکٹ) اور آف اسپنر واشنگٹن سندر (30 رن پر 3) اور کپتان روہت شرما کی60 رنوں کی نصف سنچری کی بدولت ہندوستان نے پہلے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کو اتوار کو چھ وکٹوں سے ہراکر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ ہندوستان نے ونڈیز کو43.5 اوور میں 176 رن پر سمیٹ دیا اور پھر28 اوور میں4 وکٹ کے نقصان پر178 رن بنا کر ہدف حاصل کرلیا۔ ہندوستان نے132 گیندیں باقی رہتے میچ ختم کردیا۔ہدف زیادہ بڑا نہیں تھا اور اسے حاصل کرنے میں ہندوستان کو کوئی پریشانی نہیں تھی ۔ کپتان روہت اور ایشان کشن نے84 رن کی مضبوط شروعات کی ۔ روہت51 گیندوں پر10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 60 رن بناکرآؤٹ ہوئے ۔ الزاری جوزف نے روہت کوایل بی ڈبلیو کیا ، جوزف نے اسی اوور میں سابق کپتان ویراٹ کوہلی کو بھی آؤٹ کیا۔ وراٹ نے چار گیندوں میں آٹھ رن بنائے ۔ ایشان کشن36 گیندوں میں28 رن بنا کر عقیل حسین کی گیند پر آؤٹ ہوئے ۔ کشن کے آؤٹ ہونے کے بعد رشبھ پنت بدقسمتی سے نان اسٹرائیکر اینڈ پر ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ پنت نے نو گیندوں میں11 رن بنائے ۔ چار وکٹ 116 رن پر گرنے کے باوجود سوریہ کمار یادو اور ڈیبیو کررہے دیپک ہڈا نے محاذ سنبھالا اور ہندوستان کو 28 اوورمیں فتح کی منزل تک پہنچا دیا ۔ سوریا36 گیندوں پر34 اور دیپک32 گیندوں پر26 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔
اس سے قبل ہندوستانی کپتان روہت شرما نے 1000ویں ون ڈے میں ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز کا آغاز اچھا نہیں رہا اور اس نے79 رن پر اپنی سات وکٹیں گنوا دیں لیکن جیسن ہولڈراورفیبین ایلن نے آٹھویں وکٹ کے لیے78 رن کی اہم شراکتداری کی ۔ سندر نے ایلن کو اپنی ہی گیند پر کیچ کر کے یہ شراکتداری توڑ دی۔ ایلن نے43 گیندوں پر29 رن میں دو چوکے لگائے ۔ پرسد کرشنا نے ہولڈر کو وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ ہولڈر نے71گیندوں پر57 رن میں چار چھکے لگائے۔ چہل نے الزاری جوزف کو سوریہ کمار یادو کے ہاتھوں کیچ کروا کر ویسٹ انڈیز کی اننگز کو سمیٹ دیا ۔ جوزف نے16 گیندوں پر13 رن میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا ۔ چاہل نے ون ڈے میں100 وکٹیں مکمل کر لئے ۔ انہوں نے اپنے 60ویں میچ میں یہ حصولیابی حاصل کی ۔ ونڈیز کے ٹاپ آرڈر میں ڈیرن براوو اور نکولس پورن نے 18-18 رن بنائے ۔ ہندوستان کی جانب سے چاہل نے49 رن پر چار وکٹ، سندر نے30 رن پر تین وکٹ، پرسد کرشنا نے29 رن پر دو اور محمد سراج نے26 رن پر ایک وکٹ حاصل کی۔
اپنی شاندار گیند بازی سے پلیئر آف دی میچ بنے لیگ اسپنر یوجویندر چہل نے کہا کہ جب واشنگٹن نے ایک اوور میں دو وکٹ لی تو مجھے معلوم تھا کہ دباؤ بلے بازوں پر ہے ۔ میں جانتا تھا کہ اس پچ پر گیند گھوم رہی ہے اور میں مزید گیندبازی کر سکتا ہوں۔ میں نے وراٹ بھیا اور روہت بھیا سے بات کی اور اپنی لائن اور رفتار بدل دی۔ میں پچ کے مطابق اپنی بالنگ میں تبدیلی کرتا ہوں۔ جنوبی افریقہ سے واپس آنے کے بعد میں نے ہر میچ3-4 بار دیکھا تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ مجھ سے کہاں غلطیاں ہو رہی ہیں اور میں نے دراوڑ سر اور پارس مہامبرے سر سے بھی بات کی۔ ویسٹ انڈیز کی سات آٹھ وکٹیں گر چکی تھیں اور وہ بڑے شاٹس مارنا چاہتے تھے ۔ اس لیے میں رن کو روکنے کی کوشش کر رہا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS