لکھنؤ(یو این آئی): ذات پر مبنی مردم شماری کے ذریعہ سماجی انصافی کا وعدہ کرتے ہوئے ایس پی نے بدھ کو لوک سبھا انتخابات کیلئے اپنا انتخابی منشور جاری کردیا۔ پارٹی نے کسانوں کیلئے ایم ایس پی کی گارنٹی کے ساتھ پرانی پنشن اسکیم کے دوبارہ نفاذ کے وعدے کے ساتھ ساتھ حق ’آٹا و ڈاٹا‘کا بھی وعدہ کیا ہے۔’جنتا کا مانگ پتر-ہمارا ادھیکار‘کے عنوان والے انتخابی منشور کو ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے پارٹی ہیڈکوارٹر لکھنؤ پر جاری کیا۔
اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ پارٹی نے انتخابی منشور میں عوام الناس کے ساتھ ساتھ تنظیموں کی تجاویز کو بھی شامل کیا ہے۔ ہم نے عوام و تنظیموں سے مختلف ذرائع بشمول سوشل میڈیا سے زیادہ سے زیادہ تجاویز حاصل کرنے کی کوشش کی ہے اور ہم نے اسے اپنے انتخابی منشور میں سمویا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی منشور آئین کو بچانے کے حق، جمہوریت کو بچانے کے حق، جمہوری اداروں کی آزادی اور خود مختاری کے حق اور انصاف اور مساوات کے حق سے متعلق ہے۔ سماجی انصاف کا حق ترقی اور خوشحالی کیلئے اہم ہے۔ سماجی انصاف کے بغیر شمولیتی ترقی ممکن نہیں ہے اور جس کیلئے ذات پر مبنی مردم شماری کافی اہم ہے۔
سابق وزیراعلی نے کہا کہ پارٹی 2025تک ذات پر مبنی مردم شماری کرائے گی جس کی بنیاد پر وہ 2029تک انصاف اور سبھی کی شراکت کو یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت سال 2025تک ایس سی/ایس ٹی اور پی بی سی کی تمام خالی اسامیوں کو بھر دے گی اور نجی شعبے میں معاشرے کے تمام طبقات کی شراکت کو یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کا خیال ہے کہ ایم ایس پی کا حساب سوامی ناتھن کمیشن کی رپورٹ کے فارمولے کی بنیاد پر کیا جانا چاہئے۔ہم ایم ایس پی کی ادائیگی اور لیگل گارنٹی کو یقینی بنائیں گے۔ملک میں بے روزگاری کی شرح میں اضافہ ہو اہے اور موجودہ اعداد و شمار کے مطابق یہ 80فیصدی ہے۔حکومت ریزرویشن نہیں دینا چاہتی ہے۔وہ روزگار نہیں دینا چاہتی ہے اسی لئے متعدد مسابقاتی امتحانات کے پیپر جان بوجھ کرلیک کئے جاتے ہیں۔
ایس پی سربراہ نے کہا کہ پارٹی آٹا اور ڈاٹا کے حق کو یقینی بنائے گی۔ غریبوں کو دئیے جانے والے راشن کا معیار انتہائی خراب ہے اور اس میں تغذیہ کی کمی ہے۔ ہم گیہوں کی جگہ پر آٹا مفت راشن کے طور پر دیں گے۔علاوہ ازیں ڈیجیٹل ڈیوائیڈ کو کم کرنے کیلئے 500روپے کاموبائل ڈاٹا ہر راشن کارڈ ہولڈر کنبے کو دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پارٹی مفت تعلیم کے حق کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بجٹ کو مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کے 3فیصد سے بڑھا کر 6فیصد کیا جائے گا اور معیار کیلئے ایک مشن کا آغاز کیا جائے گا۔اکھلیش یادو نے کہا کہ ’سرکاری ملازمین کے تمام طبقات کیلئے او پی ایس دوبارہ نافذ کیا جائے گا۔یہ حکومت جان بوجھ کر اگنی ویر اسکیم لائی ہے تاکہ غریبوں کے بچے تعلیم حاصل نہ کر سکیں‘۔اس اسکیم کو ختم کر دیا جائے گا اور باقاعدہ بھرتی کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: کچھ افسر بی جے پی کے ایجنڈ کے طور پر کام کر رہے ہیں: شیوپال
انہوں نے کہاکہ ان تمام مسائل کے ساتھ ہم لوگوں کے سامنے جا رہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ یہ ہمارے لئے معاون ثابت ہوگا۔ انڈیا اتحاد لوک سبھا انتخابات میں تاریخی جیت درج کرے گا اور ایس پی اور اس کا اتحاد اتر پردیش میں زیادہ سے زیادہ سیٹیں حاصل کرے گا۔