آسمان چھوتی مہنگائی نے عام لوگوں کی کمر توڑدی ہے: سونیا گاندھی

0
image:wikipedia.org

نئی دہلی : (یو این آئی) کانگریس صدر سونیا گاندھی نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خوردنی تیل،دالوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی آسمانوں چھوتی قیمتوں نے عام لوگوں کی کمر توڑ دی ہے۔
جمعرات کو یہاں کانگریس کے انچارج جنرل سکریٹریوں اور سکریٹریوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسز سونیا گاندھی نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہاہے جس کی وجہ سے خوردنی تیل،دالوں اور ضروری اشیا کی قیمتیں عام لوگوں کے دسترس سے باہر ہوتے جارہے ہیں۔
انہوں نے کورونا کی دوسری لہر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وبا نے بے شمار خاندانوں کو تباہ کردیا ۔ اس وبا نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ وبائی مرض میں لاکھوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اس تباہی کی وجہ سے ان گنت خاندان اپنے پیاروں کو کھو چکے ہیں۔
کانگریس صدر نے کہا کہ اب کورونا کی تیسری لہر کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ اس میں دوسری لہر کی طرح بحرانی حالات پیدا نہ ہوں ، لہذا ضروری اقدامات اٹھانے جانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں اب تک حکومت کی کوتاہیوں کو اجاگر کرنے کے لئے کانگریس پارٹی نے ایک قرطاس ابیض تیار کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت ان تمام تجاویز کو دھیان میں رکھے گی جس سے ممکنہ تیسری لہر کے اثرات کو کم کیا جاسکے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS