جمشیدپور(ایس این بی): سال 2024 کے پہلے دن ہی جمشیدپور کے بشٹورپورتھانہ حلقہ کے تحت سرکٹ ہاؤس کے پاس ایک سڑک حادثہ ہوگیا جہاں ایک کار پہلے کھمبے سے ٹکرائی اور اسکے بعد درخت سے ٹکرا گئی۔ اس حادثہ میں جائے وقوع پر ہی 5افراد کی موت ہوگئی جبکہ ایک شخص کی موت اسپتال لے جانے کے دوران ہوگئی۔ ٹکر اتنی زبردست تھی کہ کار کے پرخچے اڑ گئے۔ تین افراد کار میں بری طرح پھنس گئے جنہیں نکالنے کیلئے بڑی مشقت کرنی پڑی۔ بڑی مشکل سے تینوں کو باہر نکالا جاسکا جس کے بعد انہیں علاج کیلئے اسپتال لے جایا گیا۔ لیکن ایک نے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔ فی الحال دو لوگوں کا علاج چل رہا ہے۔دونوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
اطلاع کے مطابق،کار میں کل 8افراد سوار تھے۔زخمی نوجوانوں میں ایک کا علاج ٹی ایم ایچ اور دوسرے کا علاج اسٹیل سٹی نرسنگ ہوم میں کیاجارہا ہے۔ وہیں سبھی 6لاشوں کو فی الحال ایم جی ایم اسپتال میں رکھا گیا ہے۔ حادثہ سموار کی صبح تقریبا 7بجے پیش آیا۔ حادثہ کے بعد آدتیہ پور کے بابا کوٹی کے کئی گھروں میں نئے سال کا جشن ماتم میں بدل گیا۔ ادھر، حادثے کی اطلاع پاکر موقع پر پہنچے مہلوکین کے اہل خانہ کا رو رو کر برا حال ہے۔ حادثہ کے سلسلے میں ملی جانکاری کے مطابق سبھی نوجوان آدتیہ پور کے بابا کوٹی حلقہ کے رہنے والے تھے اور ایک کار میں سوار ہوکر پکنک منانے کیلئے بشٹوپور سے میرین ڈرائیو کی جانب جارہے تھے۔
مزید پڑھیں: بیرون ملک مقیم 3 کروڑ ہندوستانی، 9500 قیدی
عینی شاہدین نے بتایا کہ ان کی کار کی رفتار کافی زیادہ تھی۔ اسی دوران ڈی سی کوارٹر کے پاس کار بے قابو ہوگئی اور سڑک کے کنارے لگے لوہے کیکھمبے سے ٹکرا گئی او اسکے بعد ایک درخت سے ٹکرا گئی۔ سڑک حادثہ کی اطلاع ملنے پر بشٹو پور اور سوناری پولیس موقع پر پہنچ گئی اور معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔