سسودیاپیر کو گجرات کے سرکاری اسکولوں کا دورہ کریں گے

0

گجرات کے وزیر تعلیم کے پاس تعلیم اور سماج کیلئے کوئی وژن نہیں: وزیر تعلیم
نئی دہلی(ایس این بی) : گجرات میں 27 سال سے برسراقتدار رہنے والی بی جے پی کے دور حکومت میں گجرات کا تعلیمی نظام خستہ حال ہو گیا ہے اور جب گجرات کے لوگ تعلیمی نظام کو بہتر کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں تو اقتدار کے گھمنڈ میں رہنے والے وزیر تعلیم جیتو بھائی بگھانی ٹویٹ کرتے ہیں کہ جس کو گجرات کا تعلیمی نظام پسند نہیں وہ گجرات چھوڑ کر دہلی چلا جائے۔ عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے جمعہ کو ایک پریس کانفرنس کے دوران گجرات کے وزیر تعلیم کے متکبرانہ بیان کی مذمت کرتے ہوئے یہ باتیں کہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر گجرات کے وزیر تعلیم میں اتنا ہی تکبر ہے تو میں پیر کو گجرات جا کر دیکھوں گا کہ کیا بی جے پی حکومت نے گجرات کے اسکولوں کو ٹھیک کرنے کے لیے گزشتہ 27 سالوں میں کوئی کام کیا ہے۔ مسٹر سسودیا نے کہا کہ گجرات کے وزیر تعلیم کے اس بیان میں تکبر ہے کہ ہم 27 سال سے گجرات کی سیاست میں ہیں اور تعلیمی نظام کو ٹھیک کرنے کے لیے نہ تو کچھ کیا ہے اور نہ ہی کریں گے۔ جو لوگ اچھی تعلیم چاہتے ہیں وہ گجرات چھوڑ کر کہیں اور چلے جائیں۔ خیال رہے کہ منیش سسودیا نے گجرات کے وزیر تعلیم کے بیان کو شرمناک قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی تھی، جس پر تقریباً 4 لاکھ لوگوں نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ گجرات کے وزیر تعلیم کو وہاں کے تعلیمی نظام کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہے۔مسٹر سسودیا نے گجرات کے وزیر تعلیم جیتو بھائی بگھانی سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ وہ گجرات کے اسکول اور کالج کو ٹھیک نہیں کریں گے،گجرات کے نظام تعلیم کو ٹھیک کرنے کا کام نہیں کریں گے اور اقتدار کے گھمنڈ میں کہیں گے کہ جس کو یہ نظام پسند نہیں وہ گجرات چھوڑ کر دہلی چلا جائے گا تو اس کا سماج کے لیے کیا وژن ہے؟ کیا معاشرہ اس طرح آگے بڑھ سکے گا؟ مسٹر سسودیا نے مزید کہا کہ جب گجرات کے وزیر تعلیم اس طرح کے متکبرانہ بیانات دے رہے ہیں تو میں خود جاکر دیکھنا چاہتا ہوں کہ گزشتہ 27 سالوں میں بی جے پی حکومت نے وہاں کے تعلیمی نظام کو ٹھیک کرنے کے لیے کیا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں خود پیر کو گجرات جاؤں گا اور وہاں کے اسکولوں کو دیکھوں گا کہ کیا بی جے پی حکومت نے گجرات کے اسکولوں میں ایسا کام کیا ہے جو دکھایا جاسکتا ہے اور اگر بی جے پی نے کام نہیں کیا تو گجرات کے لوگوں نے اپنا ذہن بنا لیا ہے کہ وہ گجرات میں اروند کجریوال کو موقع دیں گے اور وہ وہاں تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے کام کریں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS