سندھو سیمی فائنل میں،تمغہ جیتنے سے ایک قدم دور

0

ٹوکیو(یواین آئی) : عالمی چمپئن ہندوستان کی پی وی سندھو نے جاپان کی اکانے یاماگوچی کو جمعہ کے روز مسلسل سیٹوں میں 20-22، 13-21 سے شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ ٹوکیو اولمپک کے خواتین کے سنگلز زمرے کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا اور وہ اپنا تمغہ برقرار رکھنے سے صرف ایک جیت دور ہیں۔فائنل میں جگہ بنانے کے لئے سندھو کا مقابلہ چینی تائی پے کی تائی جوینگ سے ہوگا۔ پچھلے ریو اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی چھٹی سیڈ سندھو نے چوتھی سیڈ اکانے سے پہلا گیم باآسانی 13-21 سے جیت لیا اور دوسرے گیم میں 6-12کی مضبوط برتری حاصل کی لیکن جاپانی کھلاڑی نے واپسی کرتے ہوئے 16-16 سے برابری حاصل کی اور پھر 16-18 سے آگے ہوگئیں۔ سندھو نے بھی زور لگایا اور 18 -18 سے برابری حاصل کرلی۔ اکانے نے اب دو پوائنٹس لے کر18-20 کی برتری حاصل کی اور میچ میں گیم پوائنٹس تک پہنچ گئیں۔سندھو نے جارحانہ رخ اختیار کرتے ہوئے دو اسمیش لگاکر 20-20 سے برابری حاصل کرلی۔ ہندوستانی کھلاڑی نے پھر سبقت بنائی اور میچ پوائنٹ پر پہنچ گئیں ۔
سندھو اب مسلسل دوسرے اولمپک میں تمغہ جیتنے والی دوسری ہندوستانی کھلاڑی بننے سے صرف ایک جیت دور رہ گئی ہیں۔ان کا سیمی فائنل میں مقابلہ چینی تائی پے کی تائی جوینگ سے ہوگا جنہوں نے تھائی لینڈ کی انتانون رتناچوک کو شکست دی ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS