نئی دہلی (ایجنسیاں : کانگریس کے صدر کے انتخاب میں تیسرے امیدوار جھارکھنڈکے این ترپاٹھی کے کاغذات مسترد ہوگئے ۔ تواب ملک ارجن کھڑگے اورششی
تھرور کے درمیان سیدھا مقابلہ ہوگا ۔ ہفتہ کومیڈیا سے بات کرتے ہوئے سنٹرل الیکشن اتھارٹی آف نئی دہلی کانگریس کے چیئرمین مدھوسودن مستری نے کہا کہ
کل ہمیں جمعہ کو 20 فارم موصول ہوئے تھے اور آج ہم نے چیک کیا ہے کہ آیا وہ فارم درست ہےں یا نہیں۔ 20 میں سے 4 فارم مسترد کر دیے گئے ۔ ہمارے
2 امیدوار ملک ارجن کھڑگے اور ششی تھرور کانگریس صدر کے عہدے کے لیے مقابلہ کریں گے۔ امیدوار 8 اکتوبر تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔
مستری نے کہا کہ کے این ترپاٹھی کے فارم کو مسترد کر دیا گیا کیونکہ انہوں نے مقررہ معیار کو پورا نہیں کیا، دستخط سے متعلق مسائل تھے۔ کانگریس صدر
کے عہدے کے لیے پولنگ 17 اکتوبر کو ہوگی اور اسی دن 19 اکتوبر کو ووٹوں کی گنتی کے بعد نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا۔ملک ارجن کھڑگے اور ششی
تھرور نے جمعہ کو اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ ملک ارجن کھڑگے نے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد راجیہ سبھا میںاپوزیشن لیڈر کے عہدے سے
استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے یہ فیصلہ ’ایک لیڈر ایک عہدہ‘ کے اصول کو ذہن میں رکھتے ہوئے لیا۔ملک ارجن کھڑگے نے اپنا استعفیٰ کانگریس کی عبوری صدر
سونیا گاندھی کو بھیج دیا۔ ادے پور میں منعقدہ کانگریس کے چنتن شیورمیں یہ فیصلہ کیا گیا تھاکہ کوئی بھی شخص پارٹی میں2عہدوں پر نہیں رہے گا۔ترواننت
پورم سے ممبر پارلیمنٹ ششی تھرور نے کہا کہ کانگریس صدر کا انتخاب لڑائی نہیں ہے۔ پارٹی ورکرز کو اپنا صدر خود منتخب کرنے دیں، یہ ہمارا پیغام ہے۔
تھرور نے کہاکہ میں کہہ رہا ہوں کہ اگر آپ پارٹی کے کام سے مطمئن ہیں تو کھڑگے جی کو ووٹ دیں۔ اگر آپ تبدیلی چاہتے ہیں تو میں حاضر ہوں، لیکن کوئی
نظریاتی مسئلہ نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS