ممبئی(ایجنسیاں) : رائل چیلنجرز بنگلور کے آل رائونڈر شہباز احمد نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کولکاتا نائٹ رائیڈرز سے میچ چھین لیا۔ انہوں نے 20گیندوں پر 27رنز بنائے اور اس دوران تین چھکے بھی لگائے۔ ان کی تیز اننگز کی بدولت بنگلور کوجیت حاصل ہوئی۔ شہباز احمد کی عمدہ بلے بازی بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ان کی جم کر تعریف ہورہی ہے اور رسل سے شاندار بدلہ لینے کا زور و شور سے ذکر ہورہا ہے۔ دراصل آندرے رسل نے ان کی اوور میں دو چھکے لگائے۔ شہباز احمد نے اس اوور میں 16رن دیئے۔ شہباز احمد جب بلے بازی کررہے تھے تو رسل کی گیند پر انہوں نے مسلسل دو چھکے لگا کر حساب برابر کردیا۔ یاد رہے کہ بدھ کو کولکاتا نائٹ رائیڈرز کو 128رن پر ڈھیر کرنے کے بعد ہدف کے تعاقب میں اتری بنگلور کی ٹیم ایک کے بعد ایک وکٹ گنواتے ہوئے میچ بھی گنوا والی تھی لیکن شرفین روفرڈ ، شہباز احمد اور دنیش کارتک کی تیز اننگز کی بدولت آر سی بی ہارا ہوا میچ جیتنے میں کامیاب ہوگیا۔
شہباز احمد، اصل میں ہریانہ کے نوح ضلع کے گاؤں سکراوا کے رہنے والے ہیں اور بنگال کے لیے کھیلتے ہیں۔ آئی پی ایل کے مسلسل تیسرے سیزن میں رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم کے لیے کھیل رہے ہیں۔ پہلے دو سیزن میں انہوں نے 20 لاکھ روپے کی بنیادی قیمت میں 11 میچ کھیلے، لیکن رنجی ٹرافی میں ان کی بہترین کارکردگی کے بعدآرسی بی نے انہیں اس بار میگا نیلامی میں 2 کروڑ 40 لاکھ روپے میں خریدا۔جاری سیزن میں آر سی بی نے اب تک دو میچ کھیلے ہیں اور دونوں میچ میں شہباز احمد بھی ٹیم کا حصہ تھے۔ شہباز احمد پہلے میچ میں زیادہ کارکردگی نہ دکھا سکے تاہم دوسرے میچ میں انہوں نے مشکل وقت میں اچھی شراکت داری کرتے ہوئے شاندار بیٹنگ کی۔ شہباز احمد آئی پی ایل میں 15 میچ کھیل چکے ہیں۔ اس میں انہوں نے مجموعی طور پر 87 رنز بنانے کے ساتھ 9 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔ حالانکہ انہیں آئی پی ایل-2022 کے دونوں میچوں میں ایک بھی وکٹ نہیں ملی ہے اور وہ بدھ کے روز میچ میں مہنگے بالر بھی ثابت ہوئے لیکن بلے سے کمال دکھا کر انہوں نے ٹیم کی جیت میں اہم کردار نبھایا۔
شہباز احمد کی عمدہ بلے بازی بنی موضوع بحث
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS