آپریشن بلیو اسٹار کی برسی پر پنجاب میں سیکور ٹی انتظامات سخت

0

شرپسند عناصر کو سخت انتباہ ، پنجاب میں ہائی الرٹ ، اضافی فوجی دستے تعینات
چنڈی گڑھ(یو این آئی) : پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے 6 جون کو منائے جانے والے یوم گھلوگھارا کے پیش نظر ریاست میں امن و قانون کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی ریاست کا امن وسکون خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پولیس اور سول انتظامیہ کے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے مسٹر مان نے آج یہاں کہا کہ 6 جون سے پہلے احتیاطی اقدام کے طور پر ریاست میں مناسب حفاظتی انتظامات کئے جائیں۔ کسی کو ریاست کے امن و سکون سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ان کی حکومت سرحدی ریاست کو پرامن رکھنے کے لیے پرعزم ہے ۔مسٹر مان نے کہا کہ امن کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ ریاست کی ترقی اور خوشحالی کی دشمن قوتوں کو ان کے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ یہ قوتیں پنجاب کا امن خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کو پہلے ہی ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور ریاست میں امن وسکون برقرار رکھنے کے لیے مرکزی نیم فوجی دستوں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ انہوں نے پنجابیوں سے اپیل کی کہ وہ پنجاب کے وقار کو برقرار رکھنے کے لئے امن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھیں اور پنجاب دشمن قوتوں کو ایسا سبق سکھائیں کہ وہ کبھی سر نہ اٹھا سکیں۔ یہ قوتیں پنجاب کو دوبارہ دہشت گردی کے سیاہ دنوں کی طرف دھکیلنا چاہتی ہیں۔مسٹر مان نے کہا کہ ریاستی حکومت کسی بھی قیمت پر ریاست میں امن اور ہم آہنگی کو برقرار رکھے گی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS