اسکولی بچوں کو سویٹر نہیں، گائیوں کو پہنایا جارہا ہے جوٹ کا جیکیٹ

    0

    اترپردیش حکومت اپنے فیصلوں کی وجہ سے ہمیشہ تنازعہ میں گھری رہتی  ہے۔ کچھ  فیصلوں نے تو یہ بھی ثابت کردیا ہے کہ ریاست میں انسانی جانوں سے زیادہ جانوروں کی قدر ہے۔ یوپی کے وزیر تعلیم ستیش چندر دویدی نے تقریباً دو ہفتہ قبل کہا تھا کہ اسکولوں میں طلباء کو سویٹر تقسیم کیا جائے گا، اور یہ کام 25 دسمبر تک پورا ہو جائے گا، لیکن ابھی تک زیادہ تر اسکولوں میں سویٹر نہیں پہنچے ہیں۔ وزیر تعلیم کا بیان آیا ہے کہ اضلاع میں سویٹر پہنچا دیے گئے ہیں اور دور دراز کے علاقوں میں سویٹر پہنچانے میں ایک دو دن لگیں گے۔ کچھ اسکولوں میں سویٹر تقسیم بھی کیے گئے ہیں، لیکن وہ سوئٹر بہت ہی معمولی  قسم  کے ہیں، جس پر سوال اٹھ رہے ہیں۔ ایک طالب علم نے بتایا کہ اس کو دو دن پہلے سویٹر ملا تھا اور وہ پھٹ بھی گیا ہے۔ دوسری جانب اسکولوں میں سویٹر کم پہنچنے کی بھی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ ایک اسکول ٹیچر نے اعتراف کیا ہے کہ سویٹر کم آئے تھے، جس کی وجہ سے سبھی بچوں کو سویٹر نہیں ملے ہیں۔ سویٹر نہ پہنچنے کی وجہ سے اس کڑاکے کی ٹھند میں اسکولی بچے ٹھند سے پریشان ہیں۔ اس کے بر عکس ریاست سے خبر موصول ہو رہی ہے کہ گئو شالاؤں میں گایوں کو جوٹ کے جیکٹ پہنائے جا رہے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اسکولی بچوں کا بھی کم از کم گایوں کے برابر تو خیال کیا ہی جانا چاہئے۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS