حکومت اسپیکر کے اختیارات پر غور كرے:سپریم کورٹ

0

نئی دہلی:سپریم کورٹ نے پارلیمنٹ کو منگل کے روز مشورہ دیا کہ وہ اراکین پارلیمنٹ اور اراکین اسمبلی کو نااہل قرار دینے کے معاملے میں پارلیمنٹ کے اسپیکر کے اختیارات پر دوبارہ غوروخوض کرے۔ سپریم کورٹ نے مشوره دیا هے کہ سبکدوش ججوں کی کمیٹی کو رکنیت رد کرنے یا برقرار رکھنے کا حق دیا جائے۔ یہ کمیٹی یا کوئی ٹریبونل برسوں کام کرے جہاں رکنیت سے متعلق مسائل حل کیے جائیں۔ جسٹس آر ایف نریمن کی صدارت والی بینچ نے منی پور کے وزیر جنگلات ٹی شیام کمار کی نا اہلیت کے معاملے پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ کسی بھی رکن پارلیمنٹ یا رکن اسمبلی کی رکنیت رد کرنے میں اسپیکر کے اختیارات پر غوروخوض کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ اسپیکر کی وفاداری ایک پارٹی کےساتھ ہوتی ہے اور وہ غیر جانبدار نہیں ہوسکتا۔ سپریم کور ٹ نے پارلیمنٹ سے کہا ہے کہ وہ  اس پر غوروخوض کرکے قانون بنائے۔ عدالت کا کہنا ہے کہ اسپیکر کسی نہ کسی سیاسی پارٹی کا ہوتا ہے اس لیے وہ غیرجانبدار فیصلے نہیں کر سکتا۔ سپریم کورٹ نے منی پوراسمبلی کے اسپیکر سے کہا کہ وہ ٹی شیام کمار کی نااہلیت پر چار ہفتے میں فیصلہ کریں۔ اگر اسپیکر چار ہفتے میں فیصلہ نہیں کرتے ہیں تو عرضی گزار بھی  سپریم کورٹ آسکتے ہیں۔ غور طلب ہے کہ کانگریس کے رکن اسمبلی فیض الرحیم اور کے میگھ چندر نے وزیر ٹی شیام کمار کو نااہل ٹھہرائے جانے کے لیے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی تھی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS