کانگریس کی 135ویں یوم تاسیس کے موقع پر ’’آئین بچاؤ بھارت بچاؤ‘‘ مارچ

0

نئی دہلی: کانگریس نے آج اپنے یوم تاسیس کی مناسبت سے ’’آئین بچاؤ بھارت بچاؤ‘‘ مارچ نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی حکومت کے خلاف کانگریس پرچم مارچ نکالے گی، جس میں کانگریس کے کارکنان اور قدآور لیڈران حصہ لیں گے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے جاری بیان میں کہا کہ یوم تاسیس پر 28 دسمبر کو کانگریس کارکن پرچم لہرائیں گے اور ’آئین بچاو بھارت بچاؤ' کے پیغام کے ساتھ ریاستوں کے دارالحکومت میں پرچم مارچ نکالیں گے۔ اس دوران مقامی زبان میں آئین کے دیباچے کو پڑھا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی آسام کے گوہاٹی میں منعقد ہونے والے پروگرام میں حصہ لیں گے، جس میں پارٹی کے پردیش کے اہم لیڈر بھی موجود رہیں گے۔ مسٹر گاندھی اس دوران جلسے سے بھی خطاب کریں گے۔ آسام میں شہریت ترمیمی قانون اور قومی شہریت رجسٹر لاگو کرنے کی زبردست مخالفت ہو رہی ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری نے الزام لگایا کہ حکومت آرایس ایس کے ایجنڈے پر گامزن ہے، جس کے تحت فیصلے لیے جارہے ہیں۔ سی اے اے کے بعد 24 دسمبر کو مرکزی کابینہ نے قومی آبادی رجسٹر اسکیم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS