امسال10 لاکھ افراد کو حج کی اجازت

0

سعودی وزارت حج کا اعلان،عازمین کو سفر سے 72 گھنٹے قبل تک کا منفی پی سی آرٹسٹ جمع کرانا ہوگا
ریاض (ایجنسیاں) :سعودی عرب نے رواں سال 10 لاکھ افراد کو حج کی ادائیگی کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان حال ہی میں کورونا پابندیوں کی نرمی کے بعد سامنے آیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ رواں سال 10 لاکھ ملکی و غیرملکی عازمین کو حج کی ادائیگی کی اجازت دی گئی ہے۔ حج دنیا کے بڑے مذہبی اجتماعات میں سے ایک ہے۔ کورونا وائرس کے آغاز سے قبل ہر سال تقریباً 25 لاکھ افراد دنیا بھر سے حج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب کا رخ کرتے تھے۔ مگر کورونا وائرس سے جہاں دنیا بھر میں اجتماعات متاثر ہوئے، وہیں حج پر بھی اس کا اثر پڑا اور سعودی حکام نے 2020 میں صرف ایک ہزار افراد کو حج کی اجازت دی۔ گزشتہ برس اس تعداد کو کچھ بڑھایا گیا تھا اور مجموعی طور پر 60 ہزار مقامی افراد کو حج کی ادائیگی کی اجازت دی گئی تھی۔ ان افراد کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعہ کیا گیا تھا۔ وزارت حج کی جانب سے ہفتہ کو کیے گئے اعلان میں کہا گیا کہ رواں سال 65 سال کی عمر کے ویکسین شدہ افرادحج کی ادائیگی کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ بیرون ملک سے آنے والے افراد کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ سفر سے 72 گھنٹے قبل تک کا منفی کورونا پی سی آر ٹسٹ جمع کرائیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت دنیا بھر سے زیادہ سے زیادہ مسلمانوں کی حج کی ادائیگی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ عازمین کا ’تحفظ‘ چاہتی ہے۔ حج اسلامی مہینہ ذی الحج میں ادا کیا جاتا ہے اور اس کے مناسک کا آغاز 8 ذی الحج سے شروع ہوجاتا ہے۔ رواں سال جولائی کے مہینہ میں حج ادا کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ عالمی وبا سے قبل مسلمان زائرین کی آمد سعودی عرب کے لیے آمدنی کا ایک اہم ذریعہ تھی اور اس سے تقریباً 12 ارب ڈالر سالانہ آتے تھے۔ مارچ میں سعودی عرب نے کورونا پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا تھا اور عوامی مقامات پر سماجی فاصلے اور ویکسین شدہ مسافروں کے لیے قرنطینہ کی پابندی ختم کردی تھی۔ البتہ صرف بند مقامات پر ماسک کا استعمال ضروری قرار دیا گیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS