سہارا واریئرس نے ہندوستانی پولو میں تاریخ رقم کی

0
RRS Urdu

مسلسل چوتھی بار جیتی انڈین اوپن پولو چمپئن شپ
نئی دہلی (ایس این بی) :سہاراواریئرس پولو ٹیم نے لگاتار چوتھے سال انڈین اوپن نیشنل پولو چمپئن شپ کا خطاب اپنے نام کرکے تاریخ رقم کی ہے۔ اس سے قبل سہارا واریئرس کی ٹیم 2018، 2019 اور 2020 میں بھی جیت حاصل کر چکی ہے۔ ٹیم نے یہ تاریخی کارنامہ حال ہی میں جے پور پولو گراؤنڈس ریس کورس نئی دہلی میں حاصل کیا۔غور طلب ہے کہ سہارا انڈیا پریوار کا ہندوستانی کھیلوں کے سب سے بڑے حامیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ انڈین پولو ایسوسی ایشن نے سال 1901 میں انڈین اوپن چمپئن شپ کا آغاز کیا تھا اور اس کے بعد سہارا واریئرس واحد ٹیم ہے، جس نے اس کی 120 سالہ سنہری تاریخ میں لگاتار 4 سال جیتنے کا شاندار ریکارڈ قائم کیا ہے۔ سہارا واریئرس پولو ٹیم کی مالک پارول رائے اور اچیورس پولو کے وکرم راٹھور نہ صرف اس وراثتی کھیل کو مقبول بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں، بلکہ انھوں نے نوجوان ہونہار کھلاڑیوں کو آگے بڑھانے میں اہم رول ادا کیا ہے، تاکہ انھیں بین الاقوامی سطح کے نمایاں کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملے۔ اچیورس پولو ٹیم کے پاس جے پور کے منڈوٹا قلعہ اور پیلس میں اپنا پولو گراؤنڈ اور دیگر ذیلی سہولیات ہیں۔ اس کے علاوہ عمدہ نسل کے قابل فخر گھوڑوں کی ایک قطار ہے۔ ٹیم کے فاتح کھلاڑیوں میں ارجنٹائنا کے جان کروز لوساڈا اور ڈینیئل اوٹامینڈی کے علاوہ معروف ہندوستانی کھلاڑی شمشیر علی اور سوائی پدم نابھ سنگھ شامل تھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS