سہارا انڈیا کے کارکنان اور ڈپازیٹرس کا سیبی کے خلاف جنترمنتر پر مظاہرہ

0

نئی دہلی (ایس این بی) : سیبی کے پاس جمع سہارا انڈیا پریوار کے 24ہزار کروڑ روپے کی واپسی کی مانگ کو لے کر سہارا انڈیا پریوار کے کارکنان اور معزز ڈپازیٹرس کے ذریعہ چلائی جارہی ملک گیر تحریک کی سیریز میں بدھ کو دہلی کے جنترمنتر پر کارکنان اور ڈپازیٹرس نے زوردار نعرے بازی کرتے ہوئے مظاہرہ کیا اور سیبی کے خلاف دھرنا دیا۔ دھرنے کے بعد سیبی کو ایک میمورنڈم سونپ کر سہارا کے 24ہزار کروڑ روپے واپس کرنے کی مانگ کی۔ بدھ کو بڑی تعداد میں سہاراانڈیا کے کارکنان اور ڈپازیٹرس جنترمنتر پر جمع ہوئے اور سیبی کے خلاف جم کر نعرے بازی کرتے ہوئے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین میں سیبی کے خلاف زبردست ناراضگی تھی۔ تمام مظاہرین اپنے ہاتھوں میں سیبی کے خلاف نعرے لکھے بینر اور پوسٹر وغیرہ لئے ہوئے تھے اور سیبی ہمارے گھروں کے چولہے مت بجھاؤ، ڈپازیٹرس تباہ ہیں، سیبی والے مست ہیں، سیبی من مانا رویہ بند کرو، اب تو شرم کرو، ہمارا پیسہ واپس دو، واپس دو۔’ایک ہی مانگ ایک ہی نعرہ -سیبی سے دھن ملے ہمارا‘ وغیرہ نعرے لگارہے تھے۔ مظاہرہ میں سہارا انڈیا پریوا رکے دہلی زون کے ماتحت ریجن دفتر آگرہ، میرٹھ، گروگرام، فریدآباد اور دہلی کے تمام علاقوں سے کارکنان اور ڈپازیٹرس شامل ہوئے۔ مقررین نے کہا کہ مسئلہ صرف سہارا کے کارکنان کا نہیں بلکہ ملک کے عوام کا بھی ہے۔ کیونکہ ملک کے کروڑوں لوگ بھی سیبی کے سبب متاثر ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ نے جو بھی آرڈر دیئے، ان سبھی پر عمل سہارا انڈیا پریوار نے کیا، لیکن سیبی نے اس سمت میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی۔ مقررین نے کہاکہ سہارا کا پیسہ واپس لوٹانے کے بجائے سیبی لگاتار معاملے کو الجھا رہا ہے، جس سے سہارا کے کارکنان اور ڈپازیٹرس کے سامنے بحران کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپنا حق پانے کیلئے سہارا کے کارکنان اب کسی بھی طرح کی لمبی لڑائی لڑنے کیلئے تیار ہیں۔ اگر سیبی نے سہارا کی رقم کو نہیں لوٹایا تو سہارا کے 14لاکھ کارکنان اور اُن کے کنبہ و کروڑوں ڈپازیٹرس ایک ساتھ سڑکوں پر اتر کر مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ 11سال سے کارکنان اس پریشانی کا سامنا کررہے ہیں۔ سیبی کو ہماری پریشانی سمجھنی چاہئے۔
دھرنا مقام پر پروگرام کا اہتمام سہارا انڈیا پریوار کے دہلی زون کے زونل ایڈوائزر آفاق سالانی اور زونل ایڈوائزر جے منظر نے کیا۔ مظاہرہ کے بعد سینئر کارکنان کے ایک وفد نے سیبی ہیڈکوارٹر پہنچ کر ایک میمورنڈم سونپا، جس میں سہارا کے 24ہزار کروڑ روپے لوٹانے کی مانگ کی گئی ہے، تاکہ معزز ڈپازیٹرس کی رقم لوٹائی جاسکے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS