سچن پائلٹ غداراورغدار وزیراعلیٰ نہیں بن سکتا: اشوک گہلوت

0

نئی دہلی (ایجنسیاں) : راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے ایک بار پھر سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ کو نشانہ بنایا ہے۔ سچن پائلٹ پر تنقید کرتے ہوئے اشوک گہلوت نے انہیں غدار کہہ دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ غدار وزیر اعلیٰ نہیں ہو سکتا۔ ہائی کمان سچن پائلٹ کو وزیر اعلیٰ نہیں بنا سکتی۔ جس آدمی کے پاس 10 ممبران اسمبلی نہیں ہیں،اس نے بغاوت کی، پارٹی سے غداری کی۔ اشوک گہلوت نے 2020 کے سیاسی بحران پر کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہوگا کہ کسی پارٹی کے صدر نے خود اپنی کی حکومت گرانے کی کوشش کی، انہوں نے کہا کہ اس کے لیے بی جے پی نے پیسہ دیا تھا،بی جے پی کے دہلی دفتر سے 10 کروڑ روپے آئے تھے۔ میرے پاس ثبوت ہیں، مجھے نہیں معلوم کہ اس میں سے کتنی رقم کس کو دی گئی۔راجستھان کے وزیر اعلیٰ نے این ڈی ٹی وی سے بات چیت میں الزام لگایا کہ سچن پائلٹ نے دہلی میں بی جے پی کے2 سینئر مرکزی وزرا سے ملاقات کی تھی۔ امت شاہ اور دھرمیندر پردھان اس میں شامل تھے۔ انہوں نے (بشمول پائلٹ) دہلی میں میٹنگ کی تھی، انہوں نے کہاکہ دھرمیندر پردھان بھی اس ہوٹل میں ملنے گئے تھے ،جہاں باغی لیڈر ٹھہرے ہوئے تھے۔ وزیر اعلیٰ گہلوت نے دعویٰ کیا کہ 2009 میں جب یو پی اے حکومت بنی تھی، انہوں نے یہ سفارش کی تھی کہ اب (پائلٹ) کو مرکزی وزیر بنایا جائے۔گہلوت نے کہا کہ 25 ستمبر کی میٹنگ سے پہلے یہ بات پھیلائی گئی تھی کہ سچن پائلٹ کو وزیر اعلیٰ بنایا جا رہا ہے۔ پائلٹ نے خود ایسا سلوک کیا جیسے وہ وزیراعلیٰ بننے والے ہوں۔ انہوں نے کئی ممبران اسمبلی کو فون کیا کہ مبصر آرہے ہیں، ان کا کیا کہنا ہے۔ممبران اسمبلی کو لگا کہ اگلے ہی دن حلف لیا جائے گا۔ اس وجہ سے 90 ممبران اسمبلی احتجاج میں مصروف تھے۔ اس پر سچن پائلٹ نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پتہ نہیں انہیںمجھ پر جھوٹے اوربے بنیاد الزامات لگانے کا مشورہ کون دے رہاہے ۔پائلٹ نے کہا کہ گہلوت مجھے نکما ، ناکارہ اورغدار نہ جانے کیا کیا کہہ رہے ہیں ۔لیکن ایسی زبان بولنا میری پرورش کا حصہ نہیں ہے ۔ میراباربار نام لینے اور کیچڑ اچھالنے سے کوئی فائدہ نہیں ہونے والا ہے ۔ادھر پارٹی کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے کہا ہے کہ دونوں لیڈروں کے درمیان جو اختلافات ہیں ، انہیں حل کرلیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS