نوم پنہ (کمبوڈیا) (یو این آئی) : ہندوستان اور یوکرین نے ہفتہ کو روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازعہ، جوہری خدشات اور غذائی تحفظ پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کمبوڈیا کی راجدھانی میں آسیان انڈیا چوٹی کانفرنس کے موقع پر اپنے یوکرائنی ہم منصب دیمترو کولیبا سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر جے شنکر کے ساتھ نائب صدر جگدیپ دھنکھر بھی ہیں، جو یہاں آسیان- انڈیا یادگاری سمٹ اور 17ویں مشرقی ایشیا سمٹ میں ہندوستانی وفد کی قیادت کررہے ہیں۔ ڈاکٹر جے شنکر نے ٹویٹ کیاکہ یوکرین کے وزیر خارجہ دیمترو کولیبا سے مل کر خوشی ہوئی۔ ہماری بات چیت میں تنازعات میں حالیہ پیش رفت، غذائی تحفظ اور جوہری خدشات شامل تھے ۔یوکرینی وزیر خارجہ کولیبا نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون اور یوکرین پر روس کی جنگ کو ختم کرنے کے طریقوںپر تبادلہ خیال کیا۔ایک ٹویٹ میں مسٹر کولیبا نے کہاکہ میرے ہندوستانی ہم منصب ڈاکٹر ایس۔ جے شنکر اور میں نے دو طرفہ تعاون اور یوکرین پر روس کی جنگ کو ختم کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے ملاقات کی۔ میں نے اس بات پر زور دیا کہ روس کو فوری طور پر مہلک حملے بند کرنے چاہئیں، یوکرین سے تمام فوجیوں کو واپس بلانا چاہیے اور امن کا عہد کرنا چاہیے ۔ ہم نے عالمی فوڈ سیکورٹی پر بھی توجہ مرکوز کی۔گزشتہ منگل کو ڈاکٹر جے شنکر کی اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ بات چیت کے دوران یوکرین کا تنازعہ نمایاں طور پر سامنے آیا تھا۔روسی وزیر خارجہ لاوروف نے اس کے جواب میں مغربی ممالک پر الزام عائد کیا کہ وہ یوکرینی واقعات کو بہانہ بنا کر عالمی معاملات میں اپنا تسلط جمانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS