پٹرولیم اشیا کی قیمتوں میں اضافہ،حیدرآباد میں بائیں بازو کا احتجاج

0
thehindu

حیدرآباد: (یواین آئی)پٹرولیم اشیا کی اضافی قیمتوں کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے بائیں بازو کی جماعتوں سی پی آئی اور سی پی آئی ایم کی جانب سے شہرحیدرآبادکے اندراپارک کے قریب احتجاج کیاگیا۔بعد ازاں احتجاجی لیڈروں اور کارکنوں نے راج بھون کے محاصرہ کے لئے جانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے ان کوروک دیااور انہیں گرفتار کرلیا۔اس موقع پر ان کی پولیس کے ساتھ بحث وتکرار ہوگئی۔ان لیڈروں اور کارکنوں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سی پی ایم کے ریاستی جنرل سکریٹری ٹی ویرابھدرم نے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ سے غریب عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔انہوں نے اضافی قیمت کو فوری واپس لینے پرزور دیا۔سی پی آئی کے ریاستی جنرل سکریٹری چاڈاوینکٹ ریڈی نے کہا کہ قیمتوں میں اضافہ کے ذریعہ عوام پر بوجھ ڈالا جارہا ہے۔انہوں نے انتباہ دیا کہ پٹرولیم اشیا کی قیمتوں کو واپس لینے تک احتجاج میں شدت پیدا کی جائے گی۔انہوں نے الزام لگایا کہ مرکز کی مودی زیرقیادت بی جے پی حکومت عوام مخالف قوانین منظور کررہی ہے۔پٹرولیم اشیا کے ساتھ ساتھ گیس کی قیمت میں اضافہ کے نتیجہ میں ضروری اشیا کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم اشیا کے ساتھ ساتھ پکوان گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ شرمناک ہے۔انہوں نے مرکزی حکومت کو موافق کارپوریٹ حکومت قراردیا۔یہ دھوکہ بازوں کی حکومت ہے۔اس طرح کی حکومت کو ماضی میں نہیں دیکھاگیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS