دہلی و گردونواح میں سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ

0

نئی دہلی، (ایجنسیاں) : راجدھانی دہلی اور آس پاس کے شہروں میں سی این جی کی قیمت منگل کو 50 پیسے فی کلوگرام کی شرح سے بڑھا دی گئی۔ وہیں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمت میں زیادہ وضاحت سامنے آنے کے انتظار میں ابھی رکی ہوئی ہے۔ دہلی میں سی این جی کی خوردہ فروخت کرنے والی اندرپرستھ گیس لمیٹڈ(آئی جی ایل) کی ویب سائٹ پر نئی شرحوں کی جانکاری دی گئی ہے۔ قومی راجدھانی خطہ دہلی میں سی این جی کی قیمت اب 57.51 روپے فی کلو گرام ہوگئی ہے۔
آئی جی ایل بین الاقوامی سطح پر گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہونے پر وقت وقت پر سی این جی کی قیمت میں 50پیسے فی کلو گرام کی شرح سے بڑھاتی رہی ہے۔ اس سال یعنی 2022 میں ہی سی این جی کی قیمت میں اب تک تقریباً 4 روپے فی کلو گرام اضافہ ہوچکا ہے۔ دہلی سے متصل نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا اور غازی آباد میں سی این جی اب ایک روپیہ فی کلو گرام مہنگی ہوگئی ہے۔ منگل سے ان شہروں میںسی این جی کی قیمت 59.58 روپے فی کلو گرام ہوگئی ہے۔ دراصل سی این جی کی قیمتیں ریاستوں الگ الگ ہوتی ہیں۔ مقامی ٹیکس لگنے کے بعد ان کی قیمتوں میںفرق آجاتاہے۔ اگر ممبئی کی بات کریں تو وہاں سی این جی کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ وہاں پر سی این جی کی قیمت 66 روپے فی کلو گرام ہے۔ آئی جی ایل نے پائپ سے سپلائی کی جانے والی رسوئی گیس کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔ وہیں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ابھی کوئی اضافہ نہیں کیا گیاہے۔ 5ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے آخری مرحلہ کی پولنگ پیر کو ختم ہوجانے کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فوری طور پر اضافہ کا امکان پہلے سے ہی ظاہر کیاجارہا تھا، لیکن ابھی تک پٹرولیم مارکیٹنگ کمپنیوںنے اس سلسلے میں کوئی فیصلہ نہیں کیاہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پبلک سیکٹر کی پٹرولیم کمپنیوں انڈین آئل کارپوریشن، بھارت پٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ اور ہندوستان پٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ نے قیمتوں میں فوری اضافہ کرنے کے بجائے ابھی 2دنوں تک بدلتے بین الاقوامی واقعات پر نظر رکھنے کا فیصلہ کیاہے۔ دہلی میں پٹرول 95.41 روپے فی لیٹر، جبکہ ممبئی میں 109.98 روپے فی لیٹر کی شرح سے فروخت ہورہاہے۔ وہیں ڈیزل دہلی میں 86.67 روپے فی لیٹر اور ممبئی میں 94.14 روپے فی لیٹر کی شرح پر ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل امول ، پراگ اور مدر ڈیری برانڈ کے دودھ کی قیمتوں میں2 روپے فی لیٹر کی شرح سے اضافہ ہوا تھا۔اس کے علاوہ کمرشیل ایل پی جی سلنڈر استعمال کرنے والے گاہکوں کو بھی دھچکالگا تھا۔ اس زمرے کے سلنڈر کی قیمت 105 روپے بڑھ چکی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS