شرجیل امام کی ضمانت عرضی پر پولیس کو نوٹس

0

نئی دہلی (ایجنسیاں) : دہلی ہائی کورٹ نے2019 میں سی اے اے اور این آرسی مخالف مظاہرے کے دوران اشتعال انگیز تقریر کرنے کے الزام میں گرفتار جے این یو کے طالب علم شرجیل امام کی ضمانت عرضی پر پولیس سے جواب طلب کیا ہے۔ شرجیل امام پر ملک سے بغاوت کا الزام ہے۔ بدھ کو رجنیش بھٹناگر کی بنچ نے استغاثہ فریق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے عرضی پر سماعت کیلئے اگلی تاریخ 11 فروری طے کی ہے۔شرجیل امام نے سینئر وکیل سنجے آر ہیگڑے کے ذریعہ سے عرضی داخل کرتے ہوئے نچلی عدالت کے 22اکتوبر کے آرڈر کو چیلنج کیا ہے۔ اس آرڈر میں نچلی عدالت نے شرجیل امام کی ضمانت عرضی مسترد کردی تھی۔ استغاثہ فریق کی جانب سے اسپیشل پبلک پروسیکوٹر امت پرسادنے ملزم کی عرضی کی مخالفت کی۔ ملزم شرجیل کی طرف سے عرضی میں کہاگیا ہے کہ تمام ساتھی ملزمان ، جنہیں مبینہ طور پر تشدد کے الزام میں گرفتار کیاگیاتھا، کو اس معاملے میں ضمانت دے دی گئی ہے۔ شرجیل امام گزشتہ 20ماہ سے زیادہ وقت سے جیل میں ہیں۔ اب انہیں ضمانت ملنی چاہئے، کیونکہ مقدمہ کی سماعت لمبے وقت تک چلنے والی ہے۔ وہیں نچلی عدالت نے شرجیل امام کو یہ کہتے ہوئے ضمانت دینے سے انکار کردیاتھا کہ اظہار رائے کی آزادی کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی قیمت پر استعمال نہیں کیا جاسکتا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS