طالبان کو دہشت گرد تنظیم قراردینے کے لئے ریپبلکن اراکین کی قرارداد

0

واشنگٹن: (یو این آئی) امریکہ میں ریپبلکن پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ نے ایوان میں دو قراردادیں پیش کی ہیں جن میں محکمہ خارجہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ افغان طالبان کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم (ایف ٹی او) کے طور پرنشان زد کرے۔ یہ قرار دادیں جنوبی کیرولائنا کے رکن پارلیمنٹ لنڈسے گراہم اور فلوریڈا کے نمائندے مائیک والٹز نے پیش کی ہیں۔ دونوں ارکان پارلیمنٹ شمال مشرقی افغانستان کے صوبہ پنجشیر میں طالبان کی کارروائیوں سے ناخوش ہیں۔گراہم نے یہاں ایک بیان میں کہا کہ “طالبان کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کے طور پر نامزد کرنے سے ممالک کے لیے انہیں امداد اور شناخت فراہم کرنا مشکل ہو جائے گا”۔انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط سگنل بھیجا جانا چاہیے کہ امریکہ دہشت گرد گروہوں اور ان کے ساتھ ہمدردی رکھنے والوں کے ساتھ کاروبار نہیں کرتا۔ فاکس نیوزکی رپورٹ کے مطابق طالبان ہرلحاظ سے بنیاد پرست ہیں اور دہشت گردی کو اپنی حکمت عملی کے طور پراستعمال کرتے ہیں۔ دریں اثناء،محکمہ خارجہ کے ترجمان نے منگل کے روز پیش کی گئی قرارداد پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔
بائیڈن انتظامیہ نے کہا ہے کہ وہ مسلسل اس بات کی نگرانی کر رہے ہیں کہ طالبان افغانستان پر کیسے حکومت کرتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ وہ افغانستان کو دہشت گردانہ سرگرمیوں کا گڑھ نہ بننے دیں۔ والٹز نے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں افغانستان میں درپیش خطرے پر نظر رکھنی چاہیے اور زمینی حقیقت یہ ہے کہ طالبان دہشت گرد ہیں۔ان قانون سازوں نے امریکی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ افغانستان کو کسی قسم کی فنڈنگ پر پابندی عائد کرے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS