برصغیر کے معروف طنز ومزاح نگار مجتبیٰ حسین نے ’پدم شری‘ واپس کرنے کا کیا اعلان

0

نئی دہلی: ملک میں شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف احتجاج کا سلسلہ بڑے پیمانے پر جاری ہے۔ احتجاجی مظاہروں میں اردو ادباء کی شمولیت نظر نہیں آرہی تھی۔ لیکن اردو کے عظیم مزاح نگار پدم شری مجتبیٰ حسین نے اپنا احتجاج درج کراتے ہوئے ’’پدم شری ایوارڈ‘‘ واپس کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ 84 سالہ مجتبیٰ حسین کا شمار بر صغیر کے اہم ادبا میں کیا جاتا ہے اور خصوصاً عہد حاضر میں صںف طنزو مزاح نگاری میں ان کا کوئی ثانی نہیں ہے۔ انہوں نے طنز و مزاح کے حوالے سے درجنوں کتابیں تحریر کی ہیں۔پدم شری ایوارڈ واپس کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مجتبیٰ حسین نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں سے ہندوستان کی صورتحال انتہائی افسوس ناک ہے،ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب کو جان بوجھ کر نقصان پہنچایا جارہا ہے ۔ جانوروں کے نام پر ہجومی تشدد کے ذریعہ بے شمار انسانوں کا قتل کیا گیا ۔ ملک میں ہر چیز کو مذہب کی عینک سے دیکھا جارہا ہے ۔ افراتفری کا ماحول پیدا کردیا گیا ہے ۔ مسلمان، دلت اور خواتین محفوظ نہیں ہیں ۔ معیشت آخری سانس لے رہی ہے ۔ ان مسائل کو حل کرنے کی بجائے ہمارے وطن عزیز کی شبیہہ متاثر کرنے والے بلز پیش اور منظور کئے جارہے ہیں ۔ 
واضح رہے کہ مجتبیٰ حسین کو 2007 ء میں پدم شری سے نوازہ گیا تھا۔ وہ اردو والوں میں پہلے شخص ہیں جنہوں نے پدم شری واپس کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS